کشمیری بھی انسان ہیں ٗعالمی برادری خاموشی توڑ کر زندہ ضمیری کا ثبوت دے ٗ یٰسین ملک

کشمیری بھی انسان ہیں ٗعالمی برادری خاموشی توڑ کر زندہ ضمیری کا ثبوت دے ٗ ...

سری نگر ( اے این این ) لبریشن فرنٹ کے محبوس سربراہ یاسین ملک نے کہا ہے کہ کشمیری بھی انسان ہیں ٗعالمی برادری اپنی مجرمانہ خاموشی توڑ کر زندہ ضمیری کا ثبوت دے ٗ بھارت نواز سیاستدانوں کے بیانات شرمناک ہیں ٗ ضمیر کے سوداگروں نے اپنے اقتدار کو طول دینے کیلئے فورسز کو قتل عام کی کھلی چھوٹ دے رکھی ہے۔ ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ بھارت نواز حکمران جو آئے روز ٹی وی پر آکر اونچے اخلاق ،بلند اطوار اور بہترین ضابطہ اخلاق کا درس دیتے رہتے ہیں، اپنا مواخذہ کریں کیونکہ پچھلے ساٹھ روز میں80 کے قریب نوجوانوں کے قتل،10 ہزار سے زائد لوگوں کو زخمی کردینے اور سینکڑوں بچے اور بچیوں کی بینائی چھین لینے کیلئے یہ لوگ براہ راست ذمہ دار ہیں ۔واضح رہے کہ محمد یاسین ملک8 جولائی سے دوسرے فرنٹ قائدین نور محمد کلوال اور شوکت احمد بخشی کے ہمراہ قید ہیں ۔انہوں نے عالمی برادری سے اپیل کی کہ کشمیری بھی گوشت پوست کے انسان ہیں اسلئے عالمی ضمیر کو ان کی بہیمانہ قتل و غارت پر اپنی مجرمانہ خاموشی کو توڑ کر زندہ ضمیری کا کچھ ثبوت دینا چاہئے۔

اور کشمیریوں کے تئیں اپنی انسانی اور اخلاقی ذمہ داریاں نبھانے کی سعی کرنی چاہئے۔ انہوں نے ہند نواز سیاست کاروں کے حالیہ بیانات کو شرم ناک قرار دیتے ہوئے کہا کہ طاقت اور حکمرانی کیلئے اپنے ضمیر کا سودا کرنے والے یہ سیاست کار اور حکمرانوں نے فورسز کو کشمیریوں کے قتل عام کی کھلی چھوٹ دے رکھی ہے۔یاسین ملک نے کہا کہ ان لوگوں کی بے شرمی اس حد تک بڑھ گئی ہے کہ یہ دعوی کررہے ہیں کہ کشمیر میں صرف18 دن ہی کرفیو رہا ہے اور یوں یہ لوگ اس سچائی اور حقیقت کے بھی منکر ہیں ۔ ملک نے کہا کہ جو لوگ اپنے سیاسی مخالفین اور پرامن مزاحمت پر ہر قسم کی سیاسی جگہ تنگ کرنے میں یقین رکھتے ہوں،جو اپنے سیاسی مخالفین کی آواز کو دبانے کیلئے انہیں جیلوں میں بند رکھنے میں یقین رکھتے ہوں، اور جو طاقت کے بل پر حکمرانی کرنے میں مصروف ہوں ،انہیں اخلاقیات کی باتیں کرنا زیب نہیں دیتا بلکہ انہیں کشمیریوں کے خلاف روا رکھے جانے والے اپنے ظالمانہ رویے پر کچھ مواخذہ کرتے ہوئے شرم و حیا سے کام لینا چاہئے۔درایں اثنا لبریشن فرنٹ کے کئی سینئر رہنماؤں جن میں نائب چیئرمین ایڈوکیٹ بشیر احمد بٹ، نائب چیئرمین ماسٹر شیخ محمد افضل، سینئر قائد ظہور احمد بٹ اور فرنٹ کے نائب چیف آرگنائزر میر سراج الدین نے کئی عوامی جلسوں سے خطاب کیا ۔

مزید : عالمی منظر

لائیو ٹی وی نشریات دیکھنے کے لیے ویب سائٹ پر ”لائیو ٹی وی “ کے آپشن یا یہاں کلک کریں۔


loading...