سعودی جیلوں میں مقید خواتین کو قانونی معاونت فراہم کی جائے ، فوزیہ صدیقی

سعودی جیلوں میں مقید خواتین کو قانونی معاونت فراہم کی جائے ، فوزیہ صدیقی

کراچی (اسٹاف رپورٹر) ڈاکٹر عافیہ کی ہمشیرہ ڈاکٹر فوزیہ صدیقی نے سعودی عرب کی جیلوں میں قید خواتین کی جانب سے حکومت سے مدد کی اپیل کی حمایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ سعودی جیلوں سمیت دنیا بھر میں قید پاکستانیوں کو مکمل قانونی معاونت فراہم کی جائے۔ عافیہ موومنٹ میڈیا سیل سے جاری کردہ بیان میں ڈاکٹر فوزیہ صدیقی نے کہا کہ میڈیا کے توسط سے یہ بات علم میں آئی ہے کہ بعض خواتین اپنی سزائیں مکمل کرنے کے باوجود سعودی جیلوں میں اب تک مقید ہیں۔حکومت ایسی خواتین کی ہر ممکن قانونی مدد کرتے ہوئے انہیں وطن واپس لانے کا بندوبست بھی کرے۔ بیرون ممالک مقیم پاکستانی شہری اپنے سفارتخانوں کی کارکردگی سے مطمئن نہیں ہیں۔عافیہ موومنٹ کو ڈاکٹر عافیہ کے معاملے میں امریکہ میں قائم پاکستانی قونصلیٹ کے عدم تعاون کا تلخ تجربہ رہاہے۔ڈاکٹر عافیہ کے اہلخانہ کا گذشتہ ڈیڑھ سال سے عافیہ سے کوئی رابطہ نہیں ہے ۔ ڈاکٹر عافیہ کے بچے اور اہلخانہ عیدالفطر کے بعد اب عیدالاضحی کے موقع پرعافیہ سے ٹیلی فون پر بات کرنے کے منتظر ہوں گے ۔ ڈاکٹر فوزیہ صدیقی نے وزیر اعظم نواز شریف سے مطالبہ کیا کہ پاکستانی سفیر کو فوری طور پر سعودی جیلوں میں قید خواتین کو مکمل قانونی معاونت فراہم کرنے کے احکامات جاری کریں۔

مزید : صفحہ آخر