پانامہ لیکس الزام نہیں ثبوت ہیں،رائیونڈجلسہ مہم کاحصہ ہے،علیم خان

پانامہ لیکس الزام نہیں ثبوت ہیں،رائیونڈجلسہ مہم کاحصہ ہے،علیم خان

لاہور(نمائندہ خصوصی )تحریک انصاف سنٹرل پنجاب کے صدر عبدالعلیم خان نے کہاہے کہ رائیونڈ کا جلسہ تحریک انصا ف کی احتجاجی مہم کا اہم موڑ ثابت ہو گا ہم کسی کی چار دیواری کے تقدس کو مجروح اور کوئی غیر قانونی کام نہیں کرینگے بعض عناصر دانستہ طور پر پی ٹی آئی کے امیج کو خراب کرنے کی مہم جوئی کر رہے ہیں عمران خان نے پاکستانی عوام بالخصوص نوجوان نسل کو نیا سیاسی شعور دیا ہے اور ذوالفقار علی بھٹو کے بعد پہلی مرتبہ عمران خان نے عام آدمی کو اُس کے حقوق اور فرائض سے آگاہ کیا ہے اس تبدیلی سے خائف حلقے تحریک انصاف کی اپنی پسند کی تصویر کشی کر رہے ہیں جس کا حقیقت سے کوئی تعلق نہیں عبدالعلیم خان نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پارٹی تنظیم کا ہر شعبہ رائیونڈ جلسے کیلئے تیاریاں کرے گا تاریخ کا حتمی فیصلہ پارٹی قیادت کے مشورے سے عمران خان کریں گے جس پر انشاء اللہ ریکارڈ تعداد میں عوام اکٹھے ہوں گے عبدالعلیم خان نے کہا کہ ہمارا یک نکاتی ایجنڈہ حکمرانوں کو احتساب پر مجبور کرنا ہے عوام جانتے ہیں کہ پانامہ لیکس الزام نہیں ثبوت ہیں اور اتنے بڑے ثبوت کے بعد حکمرانوں کے کانوں پر جوں تک نہ رینگنا قابل مذمت ہے ایک سوال کے جواب میں عبدالعلیم خان نے کہا کہ انہیں رائیونڈ جلسہ کے حوالے سے پارٹی قیادت جو بھی ذمہ داری سونپے گی اسے پورا کرنے کی کوشش کریں گے اور ماضی سے بھی زیادہ بہتر نتائج فراہم کریں گے ۔دریں اثناء عبدالعلیم خان نے پارٹی آفس میں مختلف رہنماؤں سے ملاقاتیں کیں اور رائیونڈ جلسہ کے حوالے سے مشاورت کا آغاز کر دیا ملاقا ت کرنے والوں میں اراکین پنجاب اسمبلی میاں اسلم اقبال ،محمد شعیب صدیقی ،پارٹی رہنما جمشید اقبال چیمہ ، مہر واجد عظیم ، منشاء اللہ سندھو،اعجاز ڈیال ،خواجہ جمشید امام ، ڈاکٹر شاہد صدیق ،عبدالکریم کلواڑ ،ملک نصیب زمان اور فرخ جاوید مون شامل تھے جنہوں نے رائیونڈ جلسہ کے حوالے سے مختلف تجاویز پر تبادلہ خیال کیا ۔

مزید : صفحہ آخر

لائیو ٹی وی نشریات دیکھنے کے لیے ویب سائٹ پر ”لائیو ٹی وی “ کے آپشن یا یہاں کلک کریں۔


loading...