عوامی تحریک کے زیر اہتمام بانی پاکستان کے یوم وفات پرسیمینار
لاہور(نمائندہ خصوصی)پاکستان عوامی تحریک کے زیر اہتمام بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح ؒ کے 68 ویں یوم وفات کے موقع پر مرکزی سیکرٹریٹ میں منعقدہ سیمینار ’’کیا یہ قائد کا پاکستان ہے؟ ‘‘ سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہا کہ پانامہ لیکس کے احتساب اور سانحہ ماڈل ٹاؤن کے قصاص سے قائد کا پاکستان مضبوط ہو گا ۔کرپشن،نا انصافی اور ابن الوقتی نے قائد اعظم ؒ کے پاکستان کونا قابل تلافی نقصان پہنچایا ۔سیمینار سے سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈا پور ،احمد نواز انجم،جی ایم ملک ،سہیل رضا،شہزاد رسول،مظہر علوی،علامہ میر آصف اکبر نے سیمینار سے خطاب کیا ۔خرم نواز گنڈا پور نے کہا کہ آزادی کے مہینے میں قائد اعظم ؒ کے گھر پاکستان کو گالی دی گئی مگر قائد اعظم کی مسلم لیگ کے نام پر برسر اقتدار ٹولے نے خاموش رہ کر قائد اعظم ؒ کی روح اور 19کروڑ عوام کے قومی جذبات کو مجروح کیا ۔احمد نواز انجم نے کہا کہ قائد اعظم ؒ نے غریب کیلئے پاکستان بنایا مگر غریب آج بھی دربدر ہے۔جی ایم ملک نے کہا کہ ڈاکٹر طاہر القادری مذہب اور عقیدے کے نا م پر دہشتگردی کرنے والی خارجی فکر کے خلاف جہاد کر رہے ہیں ۔سہیل احمد رضا نے کہا کہ سانحہ جوزف کالونی ہو،کوٹ رادھا کشن یا سانحہ سمبڑیال کے مجرموں کو تا حال سزائیں نہیں ملیں۔شہزاد رسول نے کہا کہ قائد اعظم ؒ کے پاکستان میں پانامہ لیکس جیسے جرائم کی کوئی گنجائش نہیں ہے۔مظہر علوی نے کہا کہ مزدوروں کی حالت قیام پاکستان سے پہلے والی ہے،جوظلم ہے،غریب کا بچہ آج بھی تعلیم،روزگار سے محروم ہے۔ سیمینار کے اختتام پر بانی پاکستان کے درجات کی بلندی کیلئے دعا کی گئی ۔
سیمینار