حکومت آئینی مدت سے ایک منٹ بھی پہلے نہیں جائے گی،راناثنااللہ
لاہور/فیصل آباد (آئی این پی) صوبائی وزیر قانون رانا ثناء اللہ خان نے کہا ہے کہ وزیر اعظم نوازشر یف اور انکی حکومت آئینی مدت سے ایک منٹ بھی پہلے نہیں جائیگی ‘عمران خان ‘طاہر القادری اور شیخ رشید سڑکوں پر خوار ہوتے رہیں گے ‘رائے ونڈمار چ سے حکومت کو کوئی خطر ہ نہیں مگرکسی کو قانون ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں دیں گے ‘پنجاب میں جہاں ضرورت ہوگی وہاں رینجرز اور دیگر ادارے دہشت گردوں کیخلاف آپر یشن کر یں گے ۔صوبائی وزیر قانون رانا ثناء اللہ خان نے کہا کہ (ن) لیگ چور دروازے سے نہیں عوام کے ووٹوں سے اقتدار میں آئی ہے اس لیے نہ صرف حکومت بلکہ وزیر اعظم نوازشر یف بھی اپنی آئینی مدت پوری کر یں گے اور عوام آئندہ انتخابات میں بھی (ن) لیگ کی قیادت کی پالیسوں پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے ہمیں ہی کا میاب کر یں گے ۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان ‘طاہر القادری اور شیخ رشید تین برسوں سے سڑکوں پر خوار ہو رہے ہیں مگر ان کو ناکامی کے سواکچھ نہیں ملا اور آئندہ بھی یہ ناکا م ہی ہوں گے اور عوام (ن) لیگ کے ساتھ ہے ۔