بچیوں کو سکولوں میں داخل کرانا ہم سب کی اجتماعی ذمہ داری ہے، فضل شکور خان

بچیوں کو سکولوں میں داخل کرانا ہم سب کی اجتماعی ذمہ داری ہے، فضل شکور خان

چارسدہ (بیورو رپورٹ)محکمہ تعلیم اور این سی ایچ ڈی نے رواں مہینے جاری داخلہ مہم کو کامیاب بنانے کے حوالے سے بھر پور تیاری کی ہے تاکہ عوام کو اجتماعی اور سماجی ذمہ داریوں سے آگاہ کیا جا سکے ۔ ان خیالات کا اظہار محکمہ تعلیم (زنانہ ) کے زیر انتظام انرولمنٹ کے حوالے سے منعقدہ ڈسٹرکٹ سمینار سے ایم پی اے فضل شکور خان ، این سی ایچ ڈی کے طاہر شاہ اور تحصیل کونسلر زمان شاہ نے خطاب کر تے ہوئے کیا ۔ مقررین نے کہاکہ چارسدہ میں سکولوں سے باہر قابل ادخال بچیوں کو سکولوں میں داخل کرانا ہم سب کی اجتماعی ذمہ داری ہے ۔ اگر ہم اس عظیم مقصد کیلئے متحد ہو کر کام کریں تو تعلیمی میدان میں انقلاب بر پا کیا جا سکتا ہے ۔ انہوں نے کہاکہ این سی ایچ ڈی نے محکمہ تعلیم کے تعاون سے ہر مرحلے کے داخلہ مہم میں بڑا کر دار ادا کیا ہے ۔ انہوں نے کہاکہ موجودہ دور تعلیم کا ہے اور ان اقوام نے ترقی کی ہے جنہوں نے تعلیمی میدان میں کامیابی کے جھنڈے گاڑھے ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ چارسدہ میں ستمبر کے داخلہ مہم کے حوالے سے بھر پور تیاری کی گئی ہے تاکہ عوام کو اجتماعی اور سماجی ذمہ داریوں سے آگاہ کیا جا سکے ۔ اس سے پہلے ایم پی اے فضل شکور خان ، تحصیل کونسلر زمان شاہ اور ڈی ای او نے بچیوں کو پرائمری سطح پر سکول میں داخل کرکے انرولمنٹ مہم کا آغاز کیا ۔

مزید : پشاورصفحہ آخر