بھارتی وزیر داخلہ اگلے ہفتے سے روس اور امریکہ کا دورہ شروع کرینگے

بھارتی وزیر داخلہ اگلے ہفتے سے روس اور امریکہ کا دورہ شروع کرینگے

نئی دہلی( اے این این ) بھارتی وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ روس اور امریکہ کو پاکستان کے خلاف بھڑکانے کیلئے اگلے ہفتے سے دونوں ملکوں کا دورہ کرینگے۔ بھارتی اخبار’’ دی ہندو‘‘کی رپورٹ کے مطابق راج ناتھ سنگھ 18ستمبر کو5 روزہ دورے پر ماسکو پہنچیں گے جہاں وہ روسی وزیر داخلہ ولادی کولو کولسیف سے دوطرفہ بات چیت کرینگے اور دہشت گردی کے خلاف دونوں ملکوں کے تعاون کا جائزہ لیں گے۔ اخبار کے مطابق ملاقات میں کشمیر میں سرحد پار سے دہشت گردی کا معاملہ بھی زیر غور آئے گا۔ راج ناتھ26ستمبر کو 7روزہ دورے پر واشنگٹن پہنچیں گے جہاں وہ امریکہ بھارت ہوم لینڈ سیکورٹی ڈائیلاگ میں شرکت کرینگے، مذاکرات میں امریکی وفد کی قیادت وزیر داخلہ جے چارلس جانسن کرینگے۔ رپورٹ کے مطابق بھارتی وزیر داخلہ امریکہ اور روس کے دورے کے دوران پاکستان کی طرف سے سرحد پار دہشت گردی کا معاملہ بھی اٹھائیں گے۔ رپورٹ کے مطابق بھارتی وزیر داخلہ جنوبی ایشیاء کے دوسرے ملکوں کے ساتھ بھی پاکستان کی طرف سے دہشت گردی کی حمایت کا معاملہ اٹھائیں گے۔

مزید : پشاورصفحہ اول