عید کے بعد ملازمتوں سے پابندی ہٹانے کا حتمی فیصلہ کیا جائیگا ، مراد علی شاہ

عید کے بعد ملازمتوں سے پابندی ہٹانے کا حتمی فیصلہ کیا جائیگا ، مراد علی شاہ

حیدرآباد(رپورٹ / لطیف چنہ ) وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ صوبے میں نئے ترقیاتی منصوبے تیار کرکے مکمل کرائے جائیں گے تاکہ عوام ہمیں ہماری کارکردگی کی وجہ سے ہمیشہ یادر کھیں ، انہوں نے کہا کہ پی پی پی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اور سابق صدر آصف علی زرداری کے اعتماد کی وجہ سے آج میں وزیر اعلیٰ سندھ ہوں اور میرا بھی یہ فرض بنتا ہے کہ میں بھی اپنے والد کی طرح عوام کی خدمت کرکے انہیں زیادہ سے زیادہ سہولیات فراہم کروں ، یہ بات انہوں نے سہون شہر میں پی پی کے کارکن غلام نبی سولنگی کی جانب سے ان کے اعزاز میں دی گئی استقبالیہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی ، انہوں نے کہا کہ عید کے بعد کابینا کے اجلاس میں ملازمتوں سے پابندی ہٹانے کا حتمی فیصلہ کیا جائیگا جس کے بعد میرٹ پر روزگار کی فراہمی کو یقینی بنایا جائیگا اور انہوں نے کہا کہ ان کی کوشش ہے کہ سندھ میں بیروزگاری کی شرح کو کم سے کم کیا جائے جس کیلئے سندھ میں صنعتوں کے قیام کے ساتھ ساتھ دیگر منصوبوں پر کام کیا جارہا ہے تاکہ روزگار کے زیادہ سے زیادہ سے مواقعے پیداکئے جاسکیں سہون ٹاؤن کمیٹی کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ بہت جلد اسے میونسپل کمیٹی کا درجہ دیا جائیگا ، لوڈ شیڈنگ کے مسئلے پر وزیر اعلیٰ نے حیسکو کو خبردار کرتے ہوئے کہا کہ اگر ان سے کام نہیں ہوتا تو سندھ میں ان کی کوئی جگہ نہیں ہے اور سندھ حکومت بجلی کے بحران کے حل کیلئے کئی منصوبوں پر کام کر رہی ہے اور اس ضمن میں وزیر اعظم نواز شریف سے بھی بات چیت ہوئی ہے، اس موقع پر سکندر راہپوٹو ،آصف شاہ ، امان ا للہ شاہانی ، حاجن شاہ اور دیگر بھی ان کے ہمراہ تھے ، قبل ازیں اپنے آبائی گاؤں واہڑمیں میڈیا کے نمائندوں سے بات کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ سندھ نے کہا کہ منچھر جھیل کے پانی کی ٹریٹمینٹ کیلئے اب تک کوئی منصوبہ نہیں بنایا گیا تھاتاہم اس ضمن میں اب تیزی سے کام کیا جارہا ہے اور مچھر جھیل کے پانی کی ٹریٹمیٹ کرکے اسے پینے کے قابل بنایا جائیگاتاکہ قرب و جوار کے لوگوں کو پینے کا صاف پانی فراہم کیا جاسکے، انہوں نے کہا کہ افسران کو بھی اپنا قبلہ درست کرنا ہوگااوروہی افسر ان کے ساتھ کام کرسکے گاجو عوام کی خدمت کا جذبہ رکھتا ہو، انہوں نے کہا کہ جلدہی سہون کیلئے ترقیاتی پیکیج کا اعلان کیا جائیگا، بعد ازاں وزیر اعلیٰ سندھ نے سہون میں درگاہ حضرت لعل شہباز قلندر پرحاضری دی اور مزار پرچادرچڑھانے اور فاتح خوانی کے بعدمیڈیا کے نمائندوں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ان کا پنجاب کا دورہ کامیاب رہااورانہوں نے این ایف سی ایوارڈ کیلئے سندھ کامضبوط کیس پیش کیا،انہوں نے کہا کے سندھ کے حقوق کیلئے جدوجہد جاری رہیگی، انہوں نے کہا کہ کراچی کے حالات پہلے سے بہت بہتر ہیں اور کسی کوقانون ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں دی جائیگی، انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت کے خلاف احتجاج کرنے کا فیصلہ پی پی پی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کرینگے،قبل ازیں وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے گاؤں بوبک میں مخدوم ضمیر احمد کی رہائشگاہ ،گاؤں آراضی میں سید غلام ہادی شاہ کی رہائشگاہ ،قاضی فاروق کی رہائشگاہ اور رئیس حبیب اللہ رندکی رہائشگا ہ پر ان کے اعزاز میں دی گئی استقبالیہ تقاریب میں شرکت کی ۔

مزید : کراچی صفحہ اول

لائیو ٹی وی نشریات دیکھنے کے لیے ویب سائٹ پر ”لائیو ٹی وی “ کے آپشن یا یہاں کلک کریں۔


loading...