پسند کی شادی کرنیوالی کالی قرار ‘ باپ نے 2لاکھ روپے میں بیچ دیا

پسند کی شادی کرنیوالی کالی قرار ‘ باپ نے 2لاکھ روپے میں بیچ دیا

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


جام پور (نمائندہ خصوصی )ایک سال قبل پسند کی شادی کرنیوالی لڑکی کو وکیل کے منشی نے دعوت کے بہانے گھر بلواکر بیوی کے ساتھ شاپنگ پر بھیج کر بازار سے ہی والدین کے حوالے کرادیا ٗ والدنے کالی قرار دے کرراتوں رات دو لاکھ میں فروخت کردی اس کے خاوند کو کالاقرار دے کر جان سے مارنے کا اعلان کردیا ٗ خاوند نے بیوی کی بازیابی کے لئے منشی اور لڑکی کے والدین کیخلاف ہائیکورٹ میں رٹ پٹیشن دائر کردی۔تفصیلات کے مطابق موضع نواں بیگراج کے رہائشی محمد آصف ولد محمد(بقیہ نمبر35صفحہ12پر )

عاشق ترگڑ نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا کہ میں نے یکم سمبر 2015ء کو رقیہ بی بی دختر عبدالرحمن راں سکنہ نواں بیگراج سے محبت کی شادی کی تھی جس کا رقیہ کے والدین کو رنج تھا اورانہوں نے ہمارے وکیل کے منشی عطاء اللہ ولد قاسم برمانی جو کہ ہمارے ہی موضع نواں بیگراج کا رہائشی ہے سے ملی بھگت کرلی ۔منشی عطاء اللہ برمانی نے سازش کے تحت مجھے اور میری بیوی کو ڈیڑھ ماہ قبل اپنے گھر دعوت پر بلایا جب ہم گئے تو عطاء اللہ کی بیوی شمیم مائی شاپنگ کرانے کے بہانے میری بیوی کو بازار لے گئی جہاں پر پہلے سے میرا سسر عبدالرحمن اور اس کے ساتھی موجود تھے جو زبردستی میری بیوی کو اپنے ساتھ لے گئے اور اسی رات ہی اسے کالی قرار دے کرمبینہ طورپر عمر ولد محمد بخش ڈھول نامی شخص کے ہاتھ دو لاکھ روپے کے عوض فروخت کردیااور مجھے قتل کرنے کا بھی اعلان کردیا ۔ محمد آصف نے الزام عائد کیا کہ منشی عطاء اللہ برمانی کے ساتھ میرا دوستانہ تھا جس نے دھوکے کے ساتھ مجھے اور میری بیوی کو دعوت پر بلاکر اور میرے سسر سے ایک لاکھ روپیہ لے کر میرا گھر اجاڑ دیا ۔ آصف نے بتایا کہ میں نے اپنی بیوی کی برآمدگی کے لئے ملتان ہائیکورٹ میں رٹ پٹیشن بھی دائر کردی ہے جس کی 19ستمبر کو پیشی ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ عدالت میں بھی میرے سسر عبدالرحمن نے تسلیم کیا کہ اس نے رقیہ کا نکاح پر نکاح کردیا ہے ۔ دریں اثناء جب وکیل کے منشی عطاء اللہ برمانی سے رابطہ کیا گیا تو اس نے موقف اختیار کیا کہ آصف نے رقیہ سے اس کے والدین کی مرضی کے بغیر نکاح کیا ہواتھا اب اگر والدین اپنی بیٹی کو لے گئے ہیں اور اس کی کسی دوسری جگہ شادی کردی ہے تو میں کیا کرسکتاہوں۔