انٹرمیڈیٹ پری انجینئرنگ اور سائنس جنرل گروپس کے نتائج کا اعلان

انٹرمیڈیٹ پری انجینئرنگ اور سائنس جنرل گروپس کے نتائج کا اعلان

کراچی (اسٹاف رپورٹر) اعلیٰ ثانوی تعلیمی بورڈ کراچی کے ناظم امتحانات محمد عمران خان چشتی نے انٹرمیڈیٹ بارہویں جماعت کے پری انجینئرنگ اور سائنس جنرل گروپس کے نتائج کا اعلان کردیا ہے۔نتائج کی تفصیلات بتاتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پری میڈیکل کی طرح پری انجینئرنگ اور سائنس جنرل کے امتحانات میں بھی لڑکیوں کا پلڑا بھاری رہا ہے، پری انجینئرنگ گروپ کی پہلی دو پوزیشنیں جبکہ سائنس جنرل کی پہلی تینوں پوزیشنیں لڑکیوں نے حاصل کیں۔ نتائج کے مطابق پری انجینئرنگ گروپ میں پہلی پوزیشن آغا خان ہائیر سیکنڈری اسکول کی انعم عماد صدیقی بنت عماد الدین صدیقی رول نمبر 624114 نے 1100 میں سے 998 نمبرز اے ون گریڈ لے کر حاصل کی جبکہ دوسری پوزیشن بھی اسی تعلیمی ادارے کی عائشہ مظفر بنت سید محمد مظفر عالم رول نمبر 624116 نے 997 نمبرز اے ون گریڈ لے کر حاصل کی، پری انجینئرنگ گروپ میں تیسری پوزیشن آدمجی گورنمنٹ سائنس کالج کے طالب علم عبدالصبور احمد ولد انوار احمد رول نمبر 606458 نے 992 نمبرز لے کر حاصل کی۔ ناظم امتحانات محمد عمران خان چشتی نے مزید بتایا کہ سائنس جنرل گروپ میں پہلی تینوں پوزیشنیں ڈی اے ڈگری کالج فار ویمن فیز ایٹ کی طالبات نے حاصل کیں۔سائنس جنر ل گروپ میں پہلی پوزیشن سدرہ خالد بنت محمد علیم خالد رول نمبر 657620 نے 1100میں سے 928نمبرز اے ون گریڈ لے کر حاصل کی،دوسری پوزیشن فضا دانش بنت دانش سہیل رول نمبر 657607 نے 922 نمبرز اے ون گریڈ لے کر جبکہ تیسری پوزیشن سیدہ رباب زہرہ بنت طاہر حسین رول نمبر 657599 نے 921 نمبرز اے ون گریڈ لے کر حاصل کی۔انہوں نے مزید بتایا کہ سائنس پری انجینئرنگ گروپ کے امتحانات میں 31059 امیدواروں نے رجسٹریشن حاصل کی جبکہ 30709 امیدوار امتحانات میں شریک ہوئے جس میں سے 15154 امیدوار کامیاب قرار پائے اس طرح کامیابی کا تناسب 49.35 فیصد رہا۔ان امتحانات میں 1173 نے اے ون گریڈ، 2742 نے اے گریڈ، 3789 نے بی گریڈ، 4302 نے سی گریڈ، 2943 نے ڈی گریڈ جبکہ 205امیدواروں نے ای گریڈ حاصل کیا۔ناظم امتحانات محمد عمران خان چشتی نے مزید بتایا کہ سائنس جنرل گروپ کے امتحانات میں 2658امیدواروں نے رجسٹریشن حاصل کی جبکہ 2627امیدوار امتحانات میں شریک ہوئے جس میں سے 1214 امیدوار کامیاب قرار پائے اس طرح کامیابی کا تناسب 46.21 فیصد رہا۔ ان امتحانات میں 17امیدوار اے ون گریڈ، 182 اے گریڈ، 380 بی گریڈ، 429 سی گریڈ، 202 ڈی گریڈ اور چار امیدوار ای گریڈ میں کامیاب ہوئے۔

مزید : راولپنڈی صفحہ آخر