قوموں کا عروج و زوال تعلیم سے جڑا ہوا ہے، محمد اختر غوری

قوموں کا عروج و زوال تعلیم سے جڑا ہوا ہے، محمد اختر غوری

کراچی (اسٹاف رپورٹر) تعلیم حاصل کرنا قوم کے ہر فرد کا بنیادی حق ہے، قوموں کا عروج و زوال تعلیم سے جڑا ہوا ہے، طلباء کو اچھی اور بہتر تعلیم فراہم کرنے اور نوجوان نسل کی تربیت میں قابل اساتذہ کا کردار بہت اہم ہے۔ان خیالات کا اظہار چیئرمین اعلیٰ ثانوی تعلیمی بورڈ کراچی محمد اختر غوری نے سائنس پری انجینئرنگ اور سائنس جنرل گروپ کے سال دوم کے نتائج کے موقع پر پوزیشن حاصل کرنے والے طلباء کے اعزاز میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ چیئرمین انٹربورڈ نے کہا کہ آج کی تقریب میں محتسب اعلیٰ سندھ اسد اشرف ملک کی شرکت ہمارے لئے باعث صدافتخار جبکہ طلباء کیلئے اعزاز کی بات ہے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ تیز ترین دور میں تعلیم خصوصاً سائنس و ٹیکنالوجی کی تعلیم کی اہمیت پہلے کے مقابلے میں کئی گنا زیادہ ہوچکی ہے،ترقی یافتہ اقوام کی ترقی بہترین تعلیمی نظام کی مرہون منت ہے۔ چیئرمین انٹربورڈ نے کہا کہ ہر شخص ایک روشن مستقبل کی خواہش رکھتا ہے اور اس کے حصول کیلئے ہر ممکن کوشش کرتا ہے، اعلیٰ تعلیم کا حصول روشن مستقبل اور کامیابی کی کنجی ہے۔ انہوں نے طلباء و طالبات کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آپ نے اپنی اور ملک کی ترقی و کامیابی کیلئے آئند ہ بھی اسی طرح محنت جاری رکھنی ہے اور زندگی کے ہر مرحلہ پر محنت، استقامت اور اللہ تعالیٰ پر بھروسے کے ساتھ آگے بڑھنا ہے۔ چیئرمین انٹربورڈ کا کہنا تھا کہ میں ایک دفعہ پھر کامیاب ہونے والے طلباء کی حوصلہ افزائی کیلئے گورنر سندھ کی خصوصی ہدایت پر ’’ڈاکٹر عشرت العباد خان گولڈ میڈل‘‘ کا اعلان کرتے ہوئے بہت خوشی محسوس کررہا ہوں، انٹربورڈ کی جانب سے گورنر سندھ کی ہدایت پر اول، دوم اور سوم پوزیشن حاصل کرنے والے طلباء کو بالترتیب ایک لاکھ، پچاس ہزار اور تیس ہزار روپے کے نقد انعامات بھی دیئے جائیں گے۔

مزید : راولپنڈی صفحہ آخر

لائیو ٹی وی نشریات دیکھنے کے لیے ویب سائٹ پر ”لائیو ٹی وی “ کے آپشن یا یہاں کلک کریں۔


loading...