نسل نو کی صلاحیت سے ہی ملک ترقی کرسکتا ہے، اسد اشرف ملک

نسل نو کی صلاحیت سے ہی ملک ترقی کرسکتا ہے، اسد اشرف ملک

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


کراچی (اسٹاف رپورٹر) محتسب اعلیٰ سندھ اسداشرف ملک نے کہا ہے کہ ذہین، باصلاحیت اور محنتی طالب علم ہمارے ملک کا سنہری مستقبل ہیں، ان کی صلاحیتوں کو بروئے کار لا کر ہی ملک ترقی کرسکتا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اعلیٰ ثانوی تعلیمی بورڈ کراچی کے آڈیٹوریم میں پری انجینئرنگ اور سائنس جنرل گروپ میں نمایاں پوزیشن حاصل کرنے والے طلبہ و طالبات کے اعزاز میں منعقد تقریب سے بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کہا۔ اس موقع پر چیئرمین بورڈ محمد اختر غوری، ناظم امتحانات محمد عمران خان چشتی، سیکرٹری بورڈ عظیم احمد، کالجز کے پرنسپلز صاحبان بھی موجود تھے۔ اسد اشرف ملک نے کہا کہ انسان کو خواب ضرور دیکھنا چاہئیں، خواب ہوں گے تو تعبیر ہوگی، خواب ہوں گے تو منزل ہوگی اور مقام ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ لاکھوں طلبہ امتحانی عمل میں شریک ہوتے ہیں لیکن نمایاں وہی ہوتے ہیں جن میں آگے بڑھنے کا جذبہ موجود ہوتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ جو محنت کرتا ہے وہ ثمر حاصل کرتا ہے، جو طلباء پوزیشن حاصل کرنے میں رہ جائیں ان کا جذبہ بھی قابل تحسین و ستائش ہے۔ انہوں نے امتحانی نتائج میں غریب طلبہ کی پوزیشن حاصل کرنے کو بورڈ کی شفافیت دیا اور تمام پوزیشن حاصل کرنے والے طلباء و طالبات اور ان کے والدین کو مبارکباد بھی پیش کی۔