مافیا جماعت کا کھالیں جمع نہ کرنے کا اعلان ڈھونگ ہے ،خالد حمید

مافیا جماعت کا کھالیں جمع نہ کرنے کا اعلان ڈھونگ ہے ،خالد حمید

کراچی (اسٹاف رپورٹر) مہاجر قومی موومنٹ (پاکستان)کے سیکریٹری اطلاعات خالد حمید نے کہا کہ مافیا جماعت کھالیں جمع نہ کرنے کا اعلان کرکے بیوقوف بنا رہی ہے ،شہر میں بسنے والی مختلف برادریوں اور مساجد و مدرسوں کو کھالوں کی وصولی میں مدد کرنے اور اسکے بدلے میں کھالوں کی رقوم میں حصہ داری کے پیغامات پہنچائے جاچکے ہیں اسکے علاوہ کارکنوں کو بھی مختلف تنظیموں اور مذہبی جماعتوں کی آڑ میں کھالیں جمع کرنے کیلئے حکمت عملی بنائی جاچکی ہے ،ادارے نوٹس لیں ۔عارضی بیت الحمزہ سے جاری کردہ بیان میں خالد حمید نے کہا کہ ملیر ،گلستان جوہر ،گلشن اقبال ،فیڈرل بی ایریا ،لیاقت آباد ،پی آئی بی ،شاہ فیصل کالونی اور کورنگی سمیت دیگر علاقوں سے کھالوں میں سے حصہ وصول کرنے کیلئے پیغامات پہنچانے کی اطلاعات آرہی ہیں ،اداروں نے اگر اسکا سدباب نہ کیا اور ایک بار پھر خطیر رقم دہشت گردوں کو ملی تو یہ شہر کیلئے تباہ کن ثابت ہوگی کیونکہ گذشتہ دنوں شہر میں گاڑیاں جلا کر اداروں اور عوام کی نبض چیک کی گئی ہے اورعید کے بعد ’’ بلی تھیلے سے باہر آکر ‘‘ بحالی امن میں مصروف اداروں کو حیران کرنے والی ہے ۔ خالد حمید نے کہا کہ چیئرمین آفاق احمد نے محلے کی سطح پر بزرگوں کو ذمہ داریاں دینے کی جو بات کی تھی اگر اس پر سنجیدگی سے سوچا جاتا تو آج شہر کے بیشتر مسائل بحسن و خوبی حل ہوتے نظر آتے لیکن چونکہ مافیا جماعت کی سیاست اس اقدام سے خطرے میں پڑتی اس لئے ناصرف اس تجویز بلکہ چیئرمین آفاق احمد کی پیشکش تک کا مذاق اڑایا گیا ۔خالد حمید نے کہا کہ قربانی کی کھالوں پر پہلا حق غریب و نادار افراد کا ہے ،دہشت گردوں اور شعبدہ بازوں سے کھال بچانے کیلئے علاقے کے بزرگ آگے آئیں اور کھالوں کی فروخت سے حاصل رقم سے اپنے علاقائی مسائل حل کرنے کیلئے حکمت عملی بنائیں ، بھرپور تعاون کریں گے۔

مزید : راولپنڈی صفحہ آخر

لائیو ٹی وی نشریات دیکھنے کے لیے ویب سائٹ پر ”لائیو ٹی وی “ کے آپشن یا یہاں کلک کریں۔


loading...