سعودی عرب، خلیجی ممالک اور یورپ میں نماز عید کے روح پرور اجتماعات ، مسلمانوں کے اتحاد اوردہشتگردی کے خاتمے کیلئے خصوصی دعائیں

سعودی عرب، خلیجی ممالک اور یورپ میں نماز عید کے روح پرور اجتماعات ، ...
سعودی عرب، خلیجی ممالک اور یورپ میں نماز عید کے روح پرور اجتماعات ، مسلمانوں کے اتحاد اوردہشتگردی کے خاتمے کیلئے خصوصی دعائیں

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

ریاض(محمد اکرم اسد) سعودی عرب ، خلیجی ممالک اور یورپ میں پیر کو عیدالاضحی منائی گئی۔ اس موقع پر نماز عید   کے بڑے بڑے روح پرور اجتماعات ہوئے جن میں مسلمانوں کے اتحاد اور امت کی سلامتی سمیت مسلمان ممالک میں امن و امان کیلئے خصوصی دعائیں مانگی گئیں۔

تفصیلات کے مطابق سعودی عرب سمیت دنیا کے کئی دیگر ممالک میں پیر کو عید الاضحی منائی گئی۔سب سے بڑے  اجتماع مسجد الحرام مکہ مکرمہ اور مسجد نبوی میں ہوئے۔ اس کے علاوہ ہر جگہ مساجد اور کھلی جگہوں پر عید کی نماز ادا کی گئی جہاں خواتین و حضرات اور بچے زرق لباسوں میں ملبوس عید کی نماز کے بعد ملتے رہے اور تحائف تقسیم کرتے رہے۔ گزشتہ پورا ہفتہ مارکیٹوں میں عید کی خریداری کرنے والوں کا خوب رہا رہا، جہاں کھانے پینے کے سامان، گارمنٹس، بچوں کے جوتے و کپڑے، عربی مٹھائیاں، چاکلیٹ کا بزنس عروج پر رہا۔ پلازوں، مارکیٹوں اور سنٹروں میں تل دھرنے کی جگہ نہیں تھی جبکہ جدہ کے پاکستانی علاقوں میں قائم پاکستانی مارکیٹوں میں بھی خوب رش رہا ۔

برطانیہ ، فرانس ، امریکہ سمیت متعدد یورپی ممالک میں بھی نماز عید کے اجتماعات منعقد ہوئے جن میں لاکھوں فرزندان توحید نے شرکت کی اور قربانی کا فریضہ سرانجام دیا۔چین میں نماز عید کا سب سے بڑا اجتماع  بیجنگ کی تاریخی مسجدنیوجیہ میں ہوا۔


ذرائع کا کہنا ہے کہ سعودی عرب میں واقع  پاکستانی ریسٹورنٹس میں بھی خوب مزے مزے کے پکوان تیار تھے جس سے پاکستانی سمیت انڈین اور بنگلہ دیشی کمیونٹی بھی مزے لینے میں مصروف رہے۔ آج کا دن اور گزشتہ ہفتہ مویشی منڈیوں میں بکروں، گائیوں اور اونٹوں کی خرید و فروخت بھی عروج پر رہی۔ یہاں خصوصی قربان گاہ بنائے گئے ہیں جہاں بکروں کو ذبح کرکے صاف کیا جاتا ہے تاکہ شہر آلودگی سے محفوظ رہیں۔ بہت سے پاکستانی اور ہندوستانی خاندان عید پر مدینہ منورہ اور سیاحتی مقامات کی طرف منتقل ہوگئے تاکہ عید کی چھٹیوں کا ہفتہ سیر و تفریح اور عبادت میں گزاریں جبکہ آج  شام ساحل سمندر پر سارا شہر امڈا ہوگا جو شہر کی واحد کھلی جگہ ہے جہاں بچے جھلوں سے لطف اندوز ہوتے ہیں جبکہ بڑے سمندری لہروں، باربی کیو سے مزے لیتے رہیں گے۔ یہ سلسلہ رات بھر جاری رہے گا۔

دوسری جانب پاکستان سمیت کئی ممالک میں عید الاضحیٰ  کل منائی جائے گی تاہم خیبرپختونخوامیں رہائش پذیرافغان مہاجرین آج عیدالضحیٰ منارہےہیں۔

مزید :

عرب دنیا -