اداکار نعمان جاوید اور جاناں ملک کے ولیمہ کی شاندار تقریب میں بڑے بڑے ناموں کی شرکت، روزنامہ پاکستان کی خصوصی کوریج

اداکار نعمان جاوید اور جاناں ملک کے ولیمہ کی شاندار تقریب میں بڑے بڑے ناموں ...
اداکار نعمان جاوید اور جاناں ملک کے ولیمہ کی شاندار تقریب میں بڑے بڑے ناموں کی شرکت، روزنامہ پاکستان کی خصوصی کوریج

  

لاہور (مانیٹرنگ ڈیسک) اداکار نعمان جاوید اور اداکارہ جاناں ملک رشتہ ازدواج میں منسلک ہو کر ایک نئی زندگی کی شروعات کر چکے ہیں۔ ان دونوں کا ولیمہ لاہور میں ہوا جس میں شوبز کی معروف شخصیات، رپورٹرز، قریبی رشتہ داروں، دوستوں اور دیگر مکتبہ فکر کے لوگوں نے شرکت کی۔روزنامہ پاکستان نے اپنے قارئین کو خصوصی طور پر اس تقریب کی لائیو کوریج کی جس دوران شوبز کے بڑے بڑے ناموں نے گفتگو کرتے ہوئے شادی شدہ جوڑے کو خوب دعائیں کی اور ان کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا جبکہ روزنامہ پاکستان کی اس خصوصی کاوش کو بھی سراہا۔

روزنامہ پاکستان کی اینڈرائڈ موبائل ایپ ڈاؤن لوڈ کرنے کیلئے یہاں کلک کریں

تقریب کے موقع پر دولہا نعمان جاوید نے روزنامہ پاکستان کے نمائندے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ”مجھے بہت اچھا لگ رہا ہے اور میں اپنے ناظرین سے کہوں گا کہ جلدی جلدی شادی کرو، یہ بہت اچھی چیز ہے، کوئی ایسا ڈھونڈو، جو آپ کے جیسا ہے، آپ کو سمجھتا ہے، آپ سے پیار کرتا ہے، آپ کی عزت کرتا ہے اور میرے خیال سے مجھے ایسی لڑکی مل گئی ہے۔“ اداکارہ جاناں ملک کا کہنا تھا کہ ”میں بہت خوش ہوں، اتنی خوش ہوں، اتنی خوش ہوں کہ اپنی خوشی بیان کرنے کیلئے میرے پاس الفاظ نہیں ہیں۔“

دولہا بنے نعمان جاوید اپنے ولیمہ کے موقع پر بہت خوش نظر آئے جس کا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ جب روزنامہ پاکستان کے نمائندے سے ان سے کہا کہ آپ دونوں بہت پیارے لگ رہے ہیں تو نعمان جاوید نے برجستہ جواب دیا کہ ”میں تھوڑا زیادہ پیارا لگ رہا ہوں لیکن کوئی بات نہیں کیونکہ مجھے اب اس چیز کی عادت ہو چکی ہے۔“

اس خوبصورت تقریب میں رابی پیرزادہ نے فرحانہ مقصود، شین جاوید، نائمہ خان، سرمد سلطان کھوسٹ، صوفیہ مرزا اور نادیہ افگن، فلمسٹار نور سمیت شو بز کی مشہور و معروف شخصیات بھی شریک ہوئیں جنہوں نے شادی کے بندھن میں بندھنے والے جوڑے کیلئے نیک تمناﺅں کا اظہار کیا۔

رابی پیرزادہ نے روزنامہ پاکستان کے نمائندے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مجھے بہت اچھا لگ رہا ہے اور خوشی ہے کہ آخر کار جاناں اور نعمان کی شادی ہو گئی۔ فرحانہ مقصود نے کہا کہ جاناں سے بھی سب سوال کرتے تھے کہ کب شادی کروں گی، تو میں کہوں گی کہ اچھی چیز کیلئے انتظار کرنا پڑتا ہے اور جب انتظار کرتے ہیں تو پھر ایسا ہی نتیجہ ملتا ہے جو جاناں کو ملا ہے۔ میری دعا ہے کہ یہ دونوں خوش رہیں۔

شین جاوید نے کہا کہ مجھے خوشی ہے کیونکہ دونوں میرے بڑے اچھے دوست ہیں، جب مجھے ان دونوں کی شادی کی خبر ملی تو میں نے ان سے کہا کہ آپ واقعی ایک دوسرے کیلئے بنیں گے۔ اپنی شادی سے متعلق سوال کے جواب میں شین جاوید کا کہنا تھا کہ جیسے ہی مجھے کوئی اچھا شخص مل گیا تو شادی کر لوں گی۔

روزنامہ پاکستان کی خبریں اپنے ای میل آئی ڈی پر حاصل کرنے اور سبسکرپشن کیلئے یہاں کلک کریں

سرمد سلطان کھوسٹ نے کہا کہ جاناں ہماری پیاری دوست ہے اور وہ دل سے بہت پیاری ہے، جاناں جو سفر شروع کر رہی ہے اس کیلئے بہت دعائیں ہیں اور ہماری یہ دلی دعا ہے کہ ان کی تمام خواہشیں پوری ہوں ۔ نادیہ افگن نے کہا کہ جاناں میری بہن ہے اور میں اس کیلئے بہت خوش ہوں اور انہیں ہمیشہ خوش دیکھنا چاہتی ہوں اور یہ بھی چاہتی ہوں کہ ان دونوں کے بہت سارے بچے ہوں۔ صوفیہ مرزا نے کہا کہ میں بہت خوش ہوں اور ان کیلئے خوشیوں بھری زندگی کی دعائیں کرتی ہوں ۔

مزید : تفریح