کورنگی صنعتی علاقہ کے آٹھ ہزار روڈ کی مرمت کیلئے فنڈز کے اجرا پر کاٹی کا خیر مقدم
کراچی (اے پی پی) کورنگی ایسوسی ایشن آف ٹریڈ اینڈ انڈسٹری (کاٹی) کے سرپرست اعلیٰ ایس ایم منیر، صدر مسعود نقی، چیئرمین و سی ای او کائٹ ڈی ایم سی زبیر چھایا، سینیئر نائب صدر غضنفر علی خان اور نائب صدر عمر ریحان نے حکومت سندھ کی جانب سے ایس ایم فاروق روڈ کی مرمت کے لئے فنڈز کے اجرا کا خیر مقدم کیا ہے۔ مشترکہ بیان میں کہا گیا ہے کہ ایس ایم فاروق روڈ ، جسے آٹھ ہزار روڈ بھی کہا جاتا ہے، کی مرمت اور بہتری ایک دیرینہ مطالبہ تھا۔ کاٹی کے سرپرست اعلیٰ ایس ایم منیر نے کہا کہ وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ اور وزیر بلدیات جام خان شورو کراچی میں ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل میں جس طرح سرگرم کردار ادا کررہے ہیں، صنعتی علاقوں کے لیے اسکیمز سے متعلق بھی ہم ایسے ہیں متحرک کردار کی توقع رکھتے ہیں۔
کاٹی کے صدر مسعود نقی نے کہا کہ 8 ہزار روڈ پر ہونے والی شکست ریخت کا مسئلہ بارہا متعلقہ حکام کے سامنے اٹھایا گیا اور بالآخر اب اس روڈ کی مرمت کے لیے فنڈز کی منظوری دے دی گئی ہے جو انتہائی خوش آئند ہے۔ انہوں نے کہا کہ انفراسٹرکچر کے مسائل کی وجہ سے صنعتوں پر پڑنے والے بوجھ میں بے انتہا اضافہ ہوچکا ہے، ضرورت اس امر کی ہے کہ صنعتی انفرااسٹرکچر کے لیے جامع منصوبہ بندی کے ساتھ اسکیمز ترتیب دی جائیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم توقع کرتے ہیں کہ کورنگی صنعتی علاقے کی دیگر اہم شاہراہوں پر بھی جلد مرمت اور تعمیراتی کام کے لیے اسکیمز منظور کر لی جائیں گی۔ مسعود نقی نے مزید کہا کہ کورنگی صنعتی علاقے میں سیوریج لائن کی مرمت، جبکہ نالوں کی صفائی کی اشد ضرورت ہے تاکہ بارش کے سبب نالے بند نہ ہوں اور پانی کا بہاؤ جاری رہے، انہوں نے اپیل کی کہ وزیراعلیٰ مراد علی شاہ اور وزیر بلدیات جام خان شورو ان مسائل کا بھی نوٹس لیں۔