ایڈیشنل سیکرٹری زراعت (پلاننگ) کاکپاس کی نئی اقسا م کی دریافت میں لگائے تجرباتی ٹرائلز کامعائنہ

ایڈیشنل سیکرٹری زراعت (پلاننگ) کاکپاس کی نئی اقسا م کی دریافت میں لگائے ...

ملتان(اے پی پی )ایڈیشنل سیکرٹری زراعت (پلاننگ) پنجاب ڈاکٹر غضنفر علی خاں نے کاٹن ریسرچ انسٹیٹیوٹ ملتان میں تحقیقی سرگرمیوں کا تفصیلی جائزہ لینے کیلئے دورہ کیا اور کپاس کی نئی اقسام کی دریافت کے سلسلہ میں لگائے گئے تجرباتی ٹرائلز کا معائنہ کیا، اس موقع پر ڈائریکٹر کاٹن ڈاکٹر صغیر احمد نے ایڈیشنل سیکرٹری زراعت (پلاننگ) کو تمام ٹرائلز وزٹ کرائے اور ادارے میں تحقیقی سرگرمیوں پر تفصیلی بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ وائرس کے خلاف قوقت مدافعت رکھنے والی، گرمی کی شدت کو برداشت کرنے والی، کم سے کم دورانیہ میں پھل پکانے والی، زیادہ پیداوار اور ٹینڈوں کا زیادہ وزن رکھنے والی اقسام پر کامیابی سے تجربات جاری ہیں جنہیں بہت جلد پنجاب سیڈ کونسل سے منظوری کے بعد عام کاشت کی اجازت دی جائے گی۔

، اس موقع پر ایڈیشنل سیکرٹری زراعت (پلاننگ) نے ادارے کے تمام جنیٹک میٹریل کا معائنہ اور کاٹن ریسرچ انسٹیٹیوٹ میں جاری ریسرچ کی سرگرمیوں پر اظہار اطمینان کیا، انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ کپاس کے بیج کا اگاؤ اور پیورٹی کو بہتر کیا جائے، انہوں نے تجرباتی رقبہ پر لگائی گئی کپاس کی نئی لائنز میں پودوں پر پھول، گوڈی اور ٹینڈوں کا مشاہدہ کیا، انہوں نے وزٹ کے دوران ٹرائلز میں موجود لائنوں میں مختلف جینیاتی خصوصیات کے بارے میں بھی دریافت کیا، اس موقع پرایڈیشنل سیکرٹری زراعت (پلاننگ) نے کہا کہ پنجاب حکومت پرعزم ہے کہ کلائمیٹ سمارٹ اور زیادہ پیداوار کی حامل اقسام عام کاشت کیلئے جلد از جلد متعارف کرائی جائیں تاکہ کپاس کی پیداوار کو مزید بڑھایا جاسکے، انہوں نے کہا کہ اس طرح کی اقسام کی تیاری میں موجودہ موسمی حالات، وائرس اور رس چوسنے والے کیڑوں کیخلاف قوت مدافعت اور پانی کی کمی برداشت کرنے کو مدنظر رکھا جائے، ایڈیشنل سیکرٹری زراعت (پلاننگ) نے ڈائریکٹر کاٹن ڈاکٹر صغیر احمد سے خان پور، بہاولپور، وہاڑی اور ساہیوال میں واقع دوسرے کاٹن ریسرچ اسٹیشنز پر جاری تحقیقی سرگرمیوں بارے بھی دریافت کیا، انہوں نے کہا کہ کاٹن ریسرچ انسٹیٹیوٹ نے ہمیشہ سے ہی کپاس کی اچھی پیداوار کی حامل اقسام کی دریافت میں کلیدی کردار ادا کیا ہے، اس موقع پر وائس چانسلر محمد نواز شریف زرعی یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر آصف علی، اسسٹنٹ ڈائریکٹر زرعی اطلاعات نوید عصمت کاہلوں و دیگر بھی موجود تھے۔

مزید : کامرس