تاجر فیکٹریوں‘گوداموں میں رہائش پذیرملازمین کا ڈیٹاسیکورٹی اداروں کو فراہم کریں: ناصر حمید خان

تاجر فیکٹریوں‘گوداموں میں رہائش پذیرملازمین کا ڈیٹاسیکورٹی اداروں کو ...

لاہور(کامرس رپورٹر) لاہور چیمبرکے نائب صدر محمد ناصر حمید خان نے صنعتکار و تاجر برادری پر زور دیا ہے کہ وہ کرائے داروں کے ساتھ اْن ملازمین کا ڈیٹا بھی قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ شیئر کریں جو اْن کی فیکٹریوں /گوداموں کو رہائش کے لیے بھی استعمال کرتے ہیں۔ ایک بیان میں لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے نائب صدر نے کہا کہ قانون کے مطابق کرایہ داروں کے علاوہ اْن ورکرز کا ڈیٹا بھی پولیس کو مہیا کرنا ضروری ہے جو وسائل کی کمی یا کسی اور وجہ سے ان ہی فیکٹریوں/گوداموں کو رہائش کے لیے بھی استعمال کرتے ہیں جہاں وہ کام کررہے ہوتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ امن و امان کو یقینی بنانے کے لیے ایسے اقدامات اٹھانا ضروری ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اکثر تاجروں کو اس بارے میں آگاہی نہ ہونے کی وجہ سے مسائل پیدا ہورہے ہیں لہذا تاجر برادری کو اس سلسلے میں معلومات بھی مہیا کی جائیں۔

اس سلسلے میں لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری ہرممکن تعاون کرنے کو تیار ہے۔

مزید : کامرس