بغداد کے ساتھ بات چیت ریفرنڈم کے بعد ہو گی،عراقی کردلیڈر

بغداد کے ساتھ بات چیت ریفرنڈم کے بعد ہو گی،عراقی کردلیڈر

بغداد(این این آئی)عراقی کردستان کے صدر مسعود بارزانی نے عرب لیگ کے سکریٹری جنرل احمد ابو الغیط کی اس درخواست کو مسترد کر دیا ہے جس میں کردستان کی علیحدگی سے متعلق 25 ستمبر کو مقررہ ریفرنڈم ملتوی کرنے کے لیے کہا گیا تھا۔میڈیارپورٹس کے مطابق عرب لیگ نے کردوں سے یہ مطالبہ بھی کیا کہ وہ ریفرنڈم کرانے سے پہلے بغداد کے ساتھ بات چیت کریں۔ تاہم بارزانی نے واضح کیا کہ کردستان کا وفد ریفرنڈم سے پہلے نہیں بلکہ اس کے بعد بغداد کا رخ کرے گا۔عرب لیگ کے سکریٹری جنرل کردستان ریجن اور عراق کے درمیان ریفرنڈم کے مسئلے کے حل کے لیے اپنی کوششوں کے سلسلے میں بغداد سے اربیل شہر پہنچے تھے۔ادھر عراقی حکومت کے ترجمان سعد الحدیثی نے نٹرویو میں مطالبہ کیا کہ انفرادی بیان بازی پر روک لگائی جائے جو اشتعال انگیزی کا سبب بن سکتی ہے۔

انہوں نے سکیورٹی انارکی پیدا ہونے سے بھی خبردار کیا۔ الحدیثی کے مطابق بغداد نے اربیل کو آگاہ کر دیا ہے کہ اس وقت عراق کی یک جہتی برقرار رکھنے اور داعش کے ساتھ جنگ کے اختتام تک اس ریفرنڈم کو ملتوی کر دینے کی ضرورت ہے۔

مزید : عالمی منظر