زیادہ تریورپی ممالک مہاجرین قبول کرنے پر تیار ہیں : جرمنی

زیادہ تریورپی ممالک مہاجرین قبول کرنے پر تیار ہیں : جرمنی

برلن(این این آئی)جرمن چانسلر میرکل نے اس امید کا اظہار کیا ہے کہ یورپی یونین کے رکن ممالک میں مہاجرین کی منصفانہ تقسیم کا معاملہ جلد ہی حل ہو جائے گا۔ میرکل کے مطابق زیادہ تر رکن ممالک اپنے ہاں مہاجرین کو قبول کرنے پر تیار ہیں۔جرمن چانسلر میرکل نے ایک مقامی اخبار کو دیے گئے اپنے ایک انٹرویو میں اس امید کا اظہار کیا کہ یورپی یونین میں مہاجرین کی تقسیم کا معاملہ جلد ہی حل ہو جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ زیادہ تر یورپی ممالک کا موقف یہ نہیں ہے کہ وہ اپنے ہاں مہاجرین قبول کرنے پر تیار نہیں ہیں۔میرکل کا کہنا تھاکہ اسی لیے میں یہ امکان دیکھ رہی ہوں کہ مستقبل قریب ہی میں مہاجرین کی تقسیم کے معاملے پر اتفاق رائے طے ہو جائے گا۔ ان کا تاہم یہ بھی کہنا تھا کہ اس مقام تک پہنچنے کے لیے رکن ممالک کے انفرادی حالات اور مختلف ممالک کی معاشی صورت حال کے فرق کو بھی پیش نظر رکھنا پڑے گا۔میرکل نے اس امر پر بھی زور دیا کہ یورپی یونین کی سطح پر مہاجرت سے متعلق مستحکم پالیسی اختیار کر کے مہاجرین کی تقسیم کے منصوبے کو کامیاب بنایا جا سکتا ہے۔ اپنے اس انٹرویو میں جرمن چانسلر کا کہنا تھاکہ اگر ہم مہاجرت کی وجوہات سے نبرد آزما ہوں، سرحدوں کی مؤثر نگرانی کریں، افریقی ممالک میں مزید ترقیاتی منصوبوں پر کام کریں اور انسانوں کے اسمگلروں کے خلاف مؤثر اقدامات کریں تو قانونی مہاجرت کے بارے میں پائے جانے والے تحفظات بھی ختم ہو جائیں گے۔علاوہ ازیں جرمن چانسلر نے مہاجرین کی آمد روکنے کے لیے لیبیا میں ملیشیا گروپوں کے ساتھ تعاون کا دفاع بھی کیا۔ اقوام متحدہ اور انسانی حقوق کے لیے سرگرم تنظیمیں لیبیا میں مہاجرین اور تارکین وطن کی ابتر صورت حال اور یورپی یونین کے لیبیا کے ملیشیا گروہوں کے ساتھ اس تعاون کو انسانی حقوق کی خلاف ورزی قرار دے رہے ہیں۔

مزید : عالمی منظر