صبا قمر کے بعد نور نے بھی اثاثے ضبط ہونے کی تردید کردی

صبا قمر کے بعد نور نے بھی اثاثے ضبط ہونے کی تردید کردی
 صبا قمر کے بعد نور نے بھی اثاثے ضبط ہونے کی تردید کردی

  

کراچی(مانیٹرنگ ڈیسک) پاکستانی اداکارہ صبا قمر کے بعد اداکارہ نور بخاری نے بھی ایف بی آر کی جانب سے اپنے اثاثے ضبط کیے جانیکی تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ ایک ذمہ داری شہری ہیں ان کے بارے میں جھوٹی خبریں پھیلانی بند کی جائیں۔کچھ روز قبل ایف بی ا?ر کی جانب سے اداکارہ صبا قمر اور نور بخاری کے بارے میں وائرل ہونے والی خبر کہ دونوں اداکاراؤں نے 2015 سے ٹیکس ادا نہیں کیا جس کی وجہ سے دونوں کا گھر ضبط ہونے اور بینک اکاؤنٹ بند ہونے کی خبر نے میڈیا میں ہلچل مچادی تھی ، ابتدا میں تو دونوں اداکاراؤں کی جانب سے کوئی موقف سامنے نہیں آیا تاہم گزشتہ روز صبا قمر نے انسٹا گرام پر ایک پوسٹ شیئر کی جس میں انہوں نے اپنا گھر سیل ہونے اور بینک اکاؤنٹ بند ہونے کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ بنا تصدیق کیے ان کے بارے میں جھوٹی خبریں پھیلانی بند کی جائیں۔

صبا قمر کے بعد اداکارہ نور بخاری نے بھی اثاثے ضبط ہونے کی خبروں کو جھوٹ پر مبنی قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ سب افواہیں ان کی شخصیت کو تباہ کرنے کے لیے پھیلائی جارہی ہیں ، وہ ایک ذمہ دار شہری ہیں اور باقاعدگی سے ٹیکس ادا کرتی ہیں۔ ہاں یہ سچ ہے مجھے ٹیکس ادا نہ کرنے کا نوٹس موصول ہواہے جس میں لکھا ہے کہ میں 1.5 ملین (15 لاکھ)روپے کی ٹیکس نادہندہ ہوں لیکن میرا کیس پہلے ہی عدالت میں موجود ہے لہٰذا اس صورتحال میں نوٹس موصول ہونا سمجھ سے باہر ہے، میں کیوں اتنی بڑی رقم ٹیکس کی مد میں ادا کروں جب کہ میں پچھلے دو سالوں سے انڈسٹری میں کام نہیں کررہی میری اتنی آمدنی نہیں ہے کہ میں اتنا زیادہ ٹیکس ادا کروں۔نور کا کہنا تھا بہت سے لوگ میری شخصیت کو برباد کرنے کا کوئی موقع ہاتھ سے جانے نہیں دیتے اور مجھے یقین ہے کہ ٹیکس چوری کی منصوبہ بندی بھی ان لوگوں کی جانب سے ہی کی گئی ہے لیکن میں اپنے حق کے لیے لڑوں گی۔واضح رہے کہ 3 روز قبل یہ خبر وائرل ہوئی تھی کہ اداکارہ صبا قمر کے ذمہ 2016 کے انکم ٹیکس کی مد میں 32 لاکھ اور اداکارہ نور بخاری پر انکم ٹیکس کی مد میں 14 لاکھ روپے واجب الادا ہیں۔

مزید : کلچر