پاکستان مسئلہ کشمیر کے دیر پا حل کیلئے کوششیں جاری رکھے گا، رفیق رجوانہ

پاکستان مسئلہ کشمیر کے دیر پا حل کیلئے کوششیں جاری رکھے گا، رفیق رجوانہ

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

لاہور( نمائندہ خصوصی )گورنر پنجاب ملک محمد رفیق رجوانہ نے کہا ہے کہ برما ، کشمیر ہو یا فلسطین ،پاکستان معصوم اور نہتے مسلمانوں پر ڈھائے جانے والے مظالم کی بھرپور مذمت کرتا ہے اور ان کے لیے ہرعالمی فورم پر آواز بلند کرتا رہے گا ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے بیس کروڑ عوام اپنے کشمیری بھائیوں کے ساتھ ہیں اور پاکستان مسئلہ کشمیر کے دیر پا حل کیلئے اپنی کوششیں جاری رکھے گا۔ان خیالا ت کا اظہارانہوں نے وزیر اعظم آزاد جموں و کشمیر راجہ فاروق حیدرسے ملاقات کے دوران کیا ۔ گورنر ہاؤس لاہور میں ملاقات کے دوران باہمی دلچسپی کے امور اور مختلف شعبوں میں جاری ترقیاتی منصوبوں خصوصا گذشتہ چار برسو ں کے دوران آزاد کشمیر میں شروع کیے گئے منصوبوں پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔گورنر پنجاب نے کہا کہ ملک کے طول و عرض میں ترقی کے یکساں مواقع پیدا کرنا اور عوام کو بنیادی سہولیات فراہم کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہے، یہی وجہ ہے کہ ملک کے سالانہ ترقیاتی پروگرام میں دورافتادہ علاقوں پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے۔ انہو ں نے کہا کہ آزاد کشمیر کے عوام کی خوشحالی اور ان کے معیار زندگی میں بہتری لانا مسلم لیگ )ن (کا ہمیشہ سے ایجنڈا رہا ہے اور ملک کی موجودہ قیادت اس مقصدکی خاطر اپنے تمام وسائل بروئے کار لا رہی ہے ۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ حال ہی میں مکمل ہونے والے ایٹمی توانائی کے منصوبے سے بجلی کی طلب اور رسد کے فرق کو کم کرنے میں مدد ملی ہے اور انشاء اللہ بہت جلد لوڈشیڈنگ کا مکمل طور پر خاتمہ ہو جا ئے گا۔وزیراعظم آزادکشمیر نے کہا کہ یہ پاکستان ہی ہے جس کی اخلاقی اور سفارتی کوششوں کے نتیجے میں مسئلہ کشمیر عالمی سطح پر اُجاگر ہوا اور پاکستان اس مسئلے کے پائیدا ر حل کیلئے اپنا معاون کردار ادا کر تا رہے گا۔ انہو ں نے کہا کہ پاکستان کی حکومت کی کوششوں کے نتیجے میں آزاد جموں و کشمیر کے عوام کی زندگی میں بہتری آئی ہے اور انہیں بنیادی ضرورتیں فراہم کی جا رہی ہیں۔
رفیق رجوانہ

مزید :

صفحہ آخر -