پرنٹ میڈیا کنٹرول اتھارٹی ، مجوزہ قانون سازی کی تردید کا خیر مقدم ، سی پی این ای

پرنٹ میڈیا کنٹرول اتھارٹی ، مجوزہ قانون سازی کی تردید کا خیر مقدم ، سی پی این ...

کراچی (پ ر) کونسل آف پاکستان نیوزپیپر ایڈیٹرز نے وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی اور وزیر مملکت برائے اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب کی جانب سے پرنٹ میڈیاکے لئے مبینہ پرنٹ میڈیا کنٹرول اتھارٹی کی تشکیل سے متعلق مجوزہ قانون سازی کی تردید اور مبینہ مسودہ کی تیاری کے ذمہ داروں کا تعین کرنے کے لئے انکوائری کمیٹی کی تشکیل کا خیرمقدم کیا ہے۔ سی پی این ای کے صدر ضیا شاہد اور سیکریٹری جنرل اعجازالحق کے مشترکہ بیان میں کہا گیا ہے کہ پرنٹ میڈیا مکمل طور پر صحافتی ضابطہ اخلاق پر کاربند ہے جو آزادی صحافت اور آزادی اظہار رائے کے عین مطابق ہے۔ انہوں نے اے پی این ایس، پی ایف یو جے اور پریس کلب کی جانب سے احتجاج اور مذمتی بیانات کا خیرمقدم کرتے ہوئے باہمی اتحاد کو خراج تحسین پیش کیا۔ سی پی این ای کے صدر ضیا شاہد نے کہا کہ پرنٹ میڈیا کے خلاف کسی بھی سازش کو کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔ انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ ڈان لیکس کی طرح پرنٹ میڈیا کے خلاف مجوزہ قانون سازی کی من گھڑت خبروں اور وزارت اطلاعات میں موجود شرپسند افسروں کے خلاف انکوائری کرائی جائے اور ملوث عناصر کو قرار واقعی سزا دی جائے، جو آزادی صحافت کے دشمن نظر آنے کے ساتھ ساتھ حکومت کی بدنامی کا باعث بھی ہیں۔

سی پی این ای

مزید : صفحہ اول