کوہاٹ سے منشیات سمگل کرنے کی کوشش ناکام ،3 گرفتار

کوہاٹ سے منشیات سمگل کرنے کی کوشش ناکام ،3 گرفتار

کوہاٹ(بیورورپورٹ)کوہاٹ انڈس ہائی وے پر تلاشی کے دوران موٹر کار سے لاکھوں مالیت کی چرس برآمد کرکے منشیات کے تین سمگلروں کو گرفتار کرلیا گیا۔زیر حراست سمگلر بھاری مقدار میں منشیات علاقہ غیر سے جنوبی اضلاع کو سمگل کررہے تھے۔پولیس ذرائع کے مطابق ایس ایچ او تھانہ محمد ریاض شہید اسلام الدین پولیس نفری کے ہمراہ کوہاٹ انڈس ہائی وے پر ٹنل ٹول پلازہ کے قریب پولیس چیک پوسٹ میں ناکہ بندی کے دوران گاڑیوں کی چیکنگ میں مصروف تھے کہ اس اثناء میں پشاور سے بنوں جانیوالی ایک مشکوک موٹر کار نمبر سرگودھاSGG.766کو تلاشی کی غرض سے روک لیا گیا ۔تلاشی کے دوران پولیس نے موٹر کار میں بنے خفیہ خانے سے مجموعی طور پر چھ کلو گرام اعلیٰ کوالٹی کی چرس برآمد کرکے کار سوار تین قبائلی سمگلروں عمران خان،عرب ستان ساکنان باڑا خیبر ایجنسی اور محمد ناصر سکنہ کرم ایجنسی کو حراست میں لے لیا۔پولیس نے گرفتار تینوں منشیات سمگلروں کو فور ی طور پر تھانہ محمد ریاض شہید منتقل کردیا جہاں انکے خلاف بھاری مقدار میں چرس سمگل کرنے کے جرم میں مقدمہ درج کرلیاگیا۔ابتدائی پوچھ گچھ کے دوران پولیس کو دئیے گئے بیان میں زیر حراست ملزمان نے منشیات علاقہ غیر خیبر ایجنسی سے جنوبی اضلاع کو سمگل کرنے کا اعتراف جرم کرلیاہے۔پولیس نے گرفتار ملزمان کو مقامی عدالت کے سامنے پیش کرتے ہوئے جسمانی ریمانڈ حاصل کرلیا ہے جن سے دوران تفتیش مزید اہم معلومات حاصل ہونے کی توقع کی جارہی ہے۔

مزید : پشاورصفحہ آخر