حکومت عوامی ترقی کیلئے بھرپوراقدامات کررہی ہے ،شیخ آفتاب

حکومت عوامی ترقی کیلئے بھرپوراقدامات کررہی ہے ،شیخ آفتاب

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

اٹک کامرہ کینٹ(نمائندہ پاکستان)وفاقی وزیر پارلیمانی امور شیخ آفتاب احمد نے کہا ہے کہ حکومت عوامی ترقی اور فلاح و بہبود کے لیے بھرپور اقدامات کررہی ہے اور اس کے ثمرات عوام تک پہنچ رہے ہیں۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار ڈی سی آفس اٹک میں ضلعی ترقیاتی بورڈ کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں اے ڈی سی جی اٹک آفاق وزیر،ضلعی سینئر نائب صدر مسلم لیگ (ن) محمدسلیم شہزاد ، سی ای او ایجوکیشن عبدالشکور انجم ، سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر جاوید چودھری کے علاوہ دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی۔ اجلاس میں ضلع بھر میں جاری ترقیاتی سکیموں کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس کو بریفنگ دیتے ہوئے ڈپٹی ڈائریکٹر پلاننگ جمال طارق چودھری نے کہا کہ ضلع بھر میں عوامی فلاح وبہبود کے لیے ترقیاتی کام بھرپور طریقے سے جاری ہیں اور ان کاموں کو مقرر ہ مدت میں پورا کرلیا جائے گا۔ ڈپٹی ڈائریکٹر پلاننگ نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ صوبائی بلڈنگز کے تحت ستائیس ترقیاتی سکیمیں جاری ہیں جن پر 1758.127ملین روپے لاگت آئے گی۔ اس کے علاوہ نئی سڑکوں کی تعمیر اور پرانی سڑکوں کی بحالی اور مرمت کی سات سکیمیں جاری ہیں جن پر 2650ملین روپے لاگت آئے گی۔ پبلک ہیلتھ کی اٹھارہ سکیمیں جاری ہیں جن پر 702.332ملین روپے لاگت آئے گی جبکہ لوکل گورنمنٹ کی دو سکیموں پر 63.817ملین روپے لاگت کا تخمینہ ہے۔ وزیر اعظم ترقیاتی پروگرام کے تحت اڑتالیس سکیموں پر دو سو ملین روپے لاگت آئے گی۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر برائے پارلیمانی امور شیخ آفتاب احمد نے کہا کہ ضلع بھر میں انقلابی ترقیاتی پروگرام جاری ہیں اور ان پروگراموں میں صف اول میڈیکل کالج کا قیام ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اٹک میں میڈیکل کالج کے قیام کے لیے پندرہ سو کنال زمین کے حصول کے لیے کوشش کی جارہی ہے جو بہت جلد حاصل کرلی جائے گی اور محکمہ صحت اٹک نے ان کی ہدایات کی روشنی میں میڈیکل کالج کے قیام کے لیے کوششیں شروع کردی ہیں اور یہ کالج موجودہ حکومت کی طرف سے عوام الناس کے لیے تحفہ ہے۔ وفاقی وزیر برائے پارلیمانی امور شیخ آفتاب احمد نے اس موقع پرکہا کہ میڈیکل کالج کے قیام کے بعد اٹک کی عوام کے لیے کینسر ہسپتال کا قیام بھی عمل میں لایا جائے گا۔ انہوں نے اس موقع پر تمام متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ وہ ترقیاتی کاموں کی بروقت اور معیاری تکمیل کو یقینی بنائیں ۔ اس کے علاوہ روزانہ کی بنیاد پر ترقیاتی سکیموں کا دورہ کریں اور اس سلسلے میں اپنے ہمراہ پاکستان مسلم لیگ ( ن) کی مقامی قیادت کو بھی یقینی بنایا جائے ۔انہوں نے کہا کہ ضلع بھر میں سوئی گیس کی فراہمی کو یقینی بنا دیا گیا ہے اور اس کے ساتھ ساتھ عوامی فلاح و بہبود کے دیگر ترقیاتی کام بھی ضلع بھر میں جاری ہیں۔