ورلڈ الیون سے میچ کے لئے اہل لاہور کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی ،ملک میں جلد ہی انٹرنیشنل کرکٹ بحال ہو گی :سید یحیٰ حسینی
لاہور(ڈیلی پاکستان آن لائن)ممتاز سپورٹس رپورٹر ،تجزیہ کار اور ٹی وی میزبان سید یحیٰ حسینی کا کہنا ہے کہ اہل لاہور کو ورلڈ الیون کی ٹیم سے میچ کے دوران تھوڑی بہت پریشانی کا سامنا کرنا پڑا ہے ،لیکن مجھے یقین ہے کہ قوم کی ملک کے لئے دی جانے والی یہ قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی اور جلد ہی ملک میں انٹرنیشنل کرکٹ بحال ہو گی ۔
قذافی سٹیڈیم میں ہونے والے میچ کے بعد روزنامہ’’پاکستان ‘‘ سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے سید یحیٰ حسینی کا کہنا تھا کہ یہ وہی سٹیڈیم ہے جہاں 1996 ورلڈ کپ کا فائنل کھیلا گیا اور آسٹریلیا کی ٹیم سری لنکا سے ہار گئی تھی ،آج کادن ملک کے لئے بڑا تاریخی موقع ہے جہاں قذافی سٹیڈیم نے عالمی ٹیم کی میزبانی کی،ورلڈ الیون کی ٹیم بہت بڑی ٹیم ہے ،جس میں 7 ٹیسٹ ٹیموں کے 14 بڑے کھلاڑی اور جنوبی افریقہ کے تینوں فارمیٹ کے کپتان فاف ڈیو پلیسی اور ہاشم آملہ جیسا کرکٹر بھی شامل ہے، آج میچ کے موقع پر اہل لاہور نے کچھ تکلیف بھی اٹھائی ،کچھ دوکانیں ،سکولز اور کالجز بند ہوئے ،کچھ راستے بند کئے گئے لیکن انٹرنیشنل کر کٹ کی بحالی کے لئے ہمیں اتنی قربانی تو دینی پڑے گی ،لیکن مجھے یقین ہے کہ لوگوں کی جانب سے دی جانے والی قربانیاں رائیگاں نہیں جائے گی اور جلد ہی ملک میں انٹرنیشنل کرکٹ واپس آئے گی ۔انہوں نے کہا کہ ورلڈ الیون میں شامل کھلاڑیوں کو پاکستان آنے کے لئے کسی کھلاڑی یا ان کے کسی رشتہ دار نے آمادہ نہیں کیا بلکہ ان کھلاڑیوں کو انٹر نیشنل کرکٹ کونسل نے پاکستان بھیجا ہے ، لوگوں نے آج سٹیڈیم میں چوکے چھکے لگتے دیکھے ابھی دو میچ باقی ہیں ،جن لوگوں کو آج کے میچ کے ٹکٹ نہیں ملے انہیں اگلے دومیچوں میں سٹیڈیم میں میچ دیکھنے کا موقع ملے گا ۔