بھارت،جان لیوا روسی گیم (رشین رولیٹ)نے 21 سالہ لڑکی کی جان لے لی

12 ستمبر 2018 (00:34)

بھوپال(آئی این پی )بھارتی ریاست مدھیہ پردیش میں روسی گیم 'رشین رولیٹ نے 21 سالہ لڑکی کی جان لے لی،لڑکی نے دوستوں کے ساتھ گیم کھیلتے ہوئے والد کے ریوالور سے خود کو گولی ماری۔ بھارتی ذرائع ابلاغ کا کہنا ہے کہ بھارت کی ریاست مدھیہ پردیش میں روسی گیم 'رشین رولیٹ نے 21 سالہ لڑکی کی جان لے لی۔

غیرملکی میڈیا رپورٹ کے مطابق مدھیہ پردیش کے ضلع گوالور میں لڑکی نے آن لائن، دوستوں کے ساتھ کھیلتے ہوئے خود کو اپنے والد کے ریوالر سے گولی مار لی۔پولیس کا کہنا ہے کہ لڑکی دہلی میں مقیم اپنے دوست کے ساتھ واٹس اپ لائیو چیٹ پر مذکورہ خطرناک گیم کھیل رہی تھی کہ اس نے والد کے ریوالر میں ایک گولی ڈالی، اس کے سیلنڈر کو گھمایا، اسے اپنے سر پر رکھا اور ٹریگر دبا دیا۔انہوں نے بتایا کہ لڑکی کی شناخت 21 سالہ کرشمہ یادیو کے نام سے ہوئی جو گوالور میں نارائن ویہار کالونی کی رہائشی تھی، لڑکی کے والد کا کہنا تھا کہ وہ 4 ماہ قبل ہی بھارتی فوج سے صوبیدار کی حیثیت سے ریٹائر ہوئے تھے جبکہ وہ واقع کے وقت گھر میں موجود نہیں تھے۔

رپورٹ کے مطابق جس وقت واقع پیش آیا تو لڑکی کا بڑا بھائی مارکیٹ میں تھا۔پولیس افسر نے مزید بتایا کہ پستول کے چیمبر میں صرف ایک ہی گولی ڈالی گئی تھی اور لڑکی نے یہ کہہ کر گولی چلادی کہ اب میں قسمت آزماتی ہوں۔انہوں نے بتایا کہ جب لڑکی کا بھائی گھر پہنچا تو اس نے اپنی بہن کو فرش پر خون میں لت پت پایا، جس پر اسے ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں ڈاکٹرز نے اسے 72 گھنٹے کے بعد مردہ قرار دے دیا۔تفتیشی افسر کا کہنا تھا کہ جب لڑکی کے دوست سے بات کی گئی تو اس کا کہنا تھا کہ ان دونوں کے درمیان ویڈیو کال پر بات چل رہی تھی کہ لڑکی نے اچانک پستول نکال لیا جس کے بعد ویڈیو کال منقطع ہوگئی۔

مزیدخبریں