وطن کا خوبصورت کلچر دکھا کر امن پسندی کا بتاناہے ،عمارہ بٹ
لاہور(فلم رپورٹر) اداکارہ وماڈل عمارہ بٹ نے کہا ہے کہ دیارغیرمیں بسنے والے پاکستانیوں نے ہمیشہ ہی پاک وطن کا نام روشن کیا ہے۔عمارہ بٹ نے کہا کہ اسی طرح پاکستان سے دوررہنے والے پاکستانی ہمیشہ ہی پاکستان کی سپورٹ کیلیے پیش پیش رہتے ہیں۔ ایسے میں اگربات پاکستان فلم انڈسٹری کی ہے تواس کے لئے بھی دیارغیرمیں بسنے والے افراد کی خدمات حاصل کرنے میں کوئی برائی نہیں ہے۔ لیکن ضرورت اس بات کی ہے کہ ہمارے ہاں جدید ٹیکنالوجی کے ساتھ ایسی فلمیں بنائی جائیں جس سے شائقین انٹرٹین ہوں، وہیں پاکستان کا سافٹ امیج بھی دنیا بھرتک پہنچ سکے۔انہوں نے کہا کہ دنیا بھرمیں بننے والی فلموں کے ذریعے مثبت چیزیں سامنے لائی جاتی ہیں، یا پھراپنی ثقافت کوپروموٹ کیا جاتا ہے ۔
لیکن بدقسمتی سے ہمارے ہاں ان باتوں پرخاص توجہ نہیں دی جاتی۔ حالانکہ اس پرخاص توجہ دینے کی ضرورت ہے۔عمارہ بٹ نے کہا کہ مغربی ممالک میں دکھائی جانے والی فلموں میں اگرہم مغرب کا کلچر ہی دکھائیں گے تووہ انھیں متاثر نہیں کرے گا۔ ہمیں تواپنے وطن کا خوبصورت کلچر دکھا کر لوگوں کو بتانا ہے کہ ہم کتنے امن پسند اورمحبت کرنے والے لوگ ہیں۔