رحمان ملک کا قائمہ کمیٹی میں وفاقی وزیر امور کشمیر کی عدم شرکت پر احتجاج
اسلام آباد(آئی این پی) سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے امور کشمیر میں وفاقی وزیر امور کشمیر کی عدم شرکت پر سینیٹر رحمان ملک کا شدید احتجاج ، وزارت کشمیرکا چارج وزیراعظم کے پاس ہے اور وزیراعظم بطورانچارج اموروزارت کشمیرآئندہ اجلاس میں پیش ہوں اگر وہ پیش نہ ہوئے توواک آوٹ کرجاوں گا۔تفصیلات کے مطابق سینیٹ کی قائمہ کمیٹی کشمیرافیئرز،گلگت بلتستان کا اجلاس پروفیسر ساجدمیرکی زیرصدرا ت پارلیمنٹ ہاؤس میں منعقد ہوا۔اجلاس میں سینیٹر رحمان ملک کا کہنا تھا کہ ہم مظلوم کشمیریوں پربھارتی مظالم کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہیں،وزارت کشمیرکا چارج وزیراعظم کے پاس ہے، بطورانچارج وزارت پیش ہوتے تو مسئلہ اجاگر ہوتا۔ ہمارے تحفظات کومتعلقہ اتھارٹی تک پہنچایا جائے اور وزیراعظم بطورانچارج اموروزارت کشمیرآئندہ اجلاس میں پیش ہوں،اگر وزیراعظم بطورانچارج وزارت کشمیرپیش نہ ہوئے توواک آوٹ کرجاوں گا،وزارت بنی ہوئی ہے اس کے اخراجات عوام کے پیسوں سے جاتے ہیں،اگروزیراعظم آنے سے قاصر ہیں تو کسی وزیر کی ڈیوٹی لگاتے،گلگت بلتستان وکشمیرکوہمیں نظرانداز نہیں کرنا چاہیے۔رحمان ملک کا مزید کہنا تھا کہ ضرورت ہے کہ گلگت بلتستان کی بجٹ وگرانٹ بڑھانے کیلئے اقدامات اٹھائے جائیں،پورے گلگت بلتستان میں ایئر ایمبولینس نہیں ہے، سہولت دی جائے اورگلگت بلتستان کومراعات دوسرے صوبوں کو برابر دینے چاہیے۔