شفیق عرف شفیقا نقب زن گینگ 2کے ملزم گرفتار ، مال مسروقہ اسلحہ برآمد

شفیق عرف شفیقا نقب زن گینگ 2کے ملزم گرفتار ، مال مسروقہ اسلحہ برآمد

لاہور(کرائم رپورٹر)انویسٹی گیشن پولیس رائیونڈ سٹی نے چوری اورنقب زنی کی واراتوں میں ملوث شفیق عرف شفیقا چور و نقب زن گینگ کے 2ملزموں کو گرفتار کر کے ان کے قبضہ سے 5لاکھ 40ہزار روپے مالیتی کے طلائی زیورات،نقدی،موبائل فونز اور ناجائزاسلحہ برآمد کیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق ایس ایس پی انویسٹی گیشن اویس احمدکی واضح ہدایات کی روشنی میں انویسٹی گیشن پولیس کی سپیشل ٹیمیں جرائم پیشہ اور سماج دشمن عناصر کے خلاف دن رات سر گرم عمل ہیں۔ ایس پی صدر انویسٹی گیشن محمدراشد ہدایت نے انچارج انویسٹی گیشن رائیونڈ افتخار رسول باجوہ کی سربراہی میں دیگر اہلکاروں پر مشتمل جو پولیس ٹیم تشکیل دی اس نے نقب زنی و چوری کی وارداتوں میں ملوث شفیق عرف شفیقا چور و نقب زن گینگ کے سرغنہ شفیق عرف شفیقا اور اس کے ساتھی ظہور عرف ظہوراکو گرفتار کر کے ان کے کی نشاندہی پر 5لاکھ 40ہزار روپے مالیتی کے طلائی زیورات ، نقدی، 8 موبائل فونز ،دیگر قیمتی اشیاء اور ناجائزاسلحہ برآمد کیا۔ ملزمان اپنے طریقہ وارادت میں دن کے وقت شہر کے مختلف علاقوں میں گھومتے رہتے اور گھروں کی ریکی کرتے اور رات کو موقع پا کر گھروں اور دوکانوں کے تالے اور کنڈے کاٹ کر اندر داخل ہو جاتے اور قیمتی اشیاء چوری کر کے فرار ہو جاتے تھے۔یہ امر قابل ذکر ہے کہ ملزمان ریکارڈ یافتہ ہیں اور اس سے قبل بھی چوری کے مقدمات میں متعددبار جیل جا چکے ہیں جو رہا ہوتے ہی دوبارہ وارداتیں شروع کر دیتے تھے۔دوران تفتیش ملزمان نے تھانہ رائیونڈ سٹی، شیراکوٹ، مانگامنڈی ، چوہنگ،گرین ٹاؤن،ٹاؤن شپ ،اچھرہ ،وحدت کالونی،لٹن روڈاور مسلم ٹاؤن کے علاقوں میں نقب زنی و چوری کی درجنوں مزید وارداتوں کا اعتراف کیا ہے ۔جبکہ ملزمان کے خلاف مذکورہ تھانوں میں نقب زنی کے متعدد مقدمات بھی ٹریس ہوئے ہیں۔ ایس پی صدر انویسٹی گیشن راشد ہدایت نے ملزموں کی گرفتاری پرانچارج انویسٹی گیشن افتخار رسول باجوہ اور ان کی ٹیم کے لیے تعریفی اسناد کا اعلان کیا ہے۔

مزید : علاقائی