ایم ڈی واسا کی زیر صدارت اجلاس،بلیو ڈراپ منصوبہ پر غور

ایم ڈی واسا کی زیر صدارت اجلاس،بلیو ڈراپ منصوبہ پر غور

لاہور( جنرل رپورٹر ) واسا کمیٹی روم میں ایم ڈی واسا سید زاہد عزیز کی سربراہی میں بلیو ڈراپ ایریا کے حوالے سے ایک میٹنگ ہوئی۔ میٹنگ میں تمام ٹاؤنز کے ڈائریکٹر آپریشنز نے شرکت کی۔ بلیو ڈراپ منصوبہ کے تحت لاہور کے شہریوں کو باٹل واٹر کے معیار کے مطابق پانی فراہم کیا جائے گا۔ اس سلسلہ میں گذشتہ میٹنگ کے دوران اس منصوبہ پر بحث کی جا چکی ہے یہ میٹنگ بھی ایک فالو اپ میٹنگ تھی اور ایسی میٹنگز کا انعقاد مستقبل میں بھی کیا جاتا رہے گا۔ بلیو ڈراپ ایریا منصوبہ کے سلسلہ میں تکنیکی معاونت کے لئے فیصل آباد سے بین الاقوامی معیار کے ایکسپرٹس کو بھی دعوت دی گئی تھی۔ اس ضمن میں فیصل آباد میں پہلے ہی ایک پائلٹ پراجیکٹ پر کام شروع کیا جا چکا ہے چونکہ لاہور کا زیر زمین واٹر سپلائی کا نظام قدرے مختلف ہے اس لیے ایکسپرٹس کی خدمات سے استفادہ حاصل کرنے لئے انہیں مدعو کیا گیا تھاجو پہلے ہی فیصل آباد میں اس منصوبہ پر عمل پیرا ہیں۔ ان ایکسپرٹس میں فیصل آباد کے سلطان اعظم کا نام نمایاں ہے جو ایسے منصوبوں میں خاطر خواہ تجربہ رکھتے ہیں ۔ ایم ڈی واسا نے کہا کہ سلطان اعظم کی خدمات اور تکنیکی معاونت سے ضرور استفادہ کیا جائے گا۔ ایم ڈی نے اس سلسلہ میں آپریشن کے ڈائریکٹرز کی سربراہی میں ٹیمیں بھی تشکیل دی ہیں اور ڈائریکٹر (P&D)کو ان ٹیموں کا کوآرڈینیٹرمقرر کیا گیا ہے ۔ واسا کے GISسے متعلقہ افراد بھی ان ٹیموں کے شانہ بشانہ اپنی خدمات پیش کریں گے۔ جبکہ واسا کے ڈائریکٹر کنسٹرکشن کو ٹیموں کا کنوینئیر مقرر کیا گیا ہے۔ منیجنگ ڈائریکٹر نے کہا کہ بلیو ڈراپ منصوبہ کے حوالے سے لاہور کے 20مقامات کو منتخب کیا گیا ہے ۔ اس منصوبہ کی تکمیل کے بعد لاہور کے شہری باٹل معیار کا پانی حاصل کر سکیں گے جو انسانی صحت کے لئے سب سے سود مند ثابت ہوگا۔

مزید : میٹروپولیٹن 1