لاہو ر اور مارگلہ کے درمیان چلنے والی نئی ٹرین کا نام تبدیل

لاہو ر اور مارگلہ کے درمیان چلنے والی نئی ٹرین کا نام تبدیل

لاہور (لیڈی رپورٹر) ریلوے انتظامیہ نے 15ستمبر سے لاہور۔ مارگلہ کے درمیان نئی چلنے والی مارگلہ ایکسپریس (109UP/110DN)کے نام اور پہنچنے کے مقام میں تبدیلی کا فیصلہ کیا ہے۔ نئے شیڈول کے مطابق یہ ٹرین اب مارگلہ ایکسپریس کی بجائے راولپنڈی ایکسپریس کے نام سے چلے گی اور لاہور سے مارگلہ ریلوے اسٹیشن کی بجائے راولپنڈی اسٹیشن تک چلے گی۔ تفصیلات کے مطابق راولپنڈی ایکسپریس (109UP) لاہور سے رات 8بجے روانہ ہو کر رات12بجکر 4منٹ پر چکلالہ اور 12بجکر 20 منٹ پر راولپنڈی ریلوے اسٹیشن پہنچے گی۔ اسی طرح راولپنڈی سے یہ ٹرین راولپنڈی ایکسپریس (110DN)رات 8 بجے روانہ ہوکر 8بجکر 8منٹ پر چکلالہ ریلوے اسٹیشن پہنچے گی۔

اور رات 12بجکر 20 منٹ پر لاہور ریلوے اسٹیشن پہنچے گی۔یاد رہے کہ اس سے پہلے اس ٹرین کو مارگلہ ایکسپریس کے نام سے لاہور سے مارگلہ تک چلانے کا فیصلہ کیا گیا تھا لیکن اب اسے راولپنڈی ایکسپریس کے نام سے لاہور سے راولپنڈی کے درمیان چلانے کا حتمی فیصلہ کیا گیا ہے۔

مزید : میٹروپولیٹن 1