سی پیک کو ضرورت کے مطابق آگے بڑھایا جائے،بیگم بیلم حسنین

12 ستمبر 2018

لاہور (لیڈی رپورٹر) پیپلزپارٹی کی مرکزی رہنما بیگم بیلم حسنین نے کہا ہے کہ سی پیک کا کریڈٹ پیپلزپارٹی کو جاتا ہے۔ کو چیئرمین آصف علی زرداری نے اپنی صدارت کے آخری دنوں میں اس معاہدے پر چین جا کر دستخط کیے تھے جس کا ثمر آج قوم کو مل رہا ہے۔ ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ چین ہمارا روایتی دوست ہے ۔ ذوالفقار علی بھٹو کے دور میں بھی چین کے ساتھ بہت سے معاہدے ہوئے ۔

جن میں ہیوی مکینیکل کمپلیکس ٹیکسلا، شاہراہ ریشم کی تعمیر سرفہرست ہے۔ بیگم بیلم حسنین نے کہا کہ سی پیک کو ضرورت کے مطابق آگے بڑھایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ سیاسی جماعتوں کی تبدیلی سے کوئی فرق نہیں پڑتا۔ سی پیک کا سہرا پیپلزپارٹی کے سر پر سجتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اقتصادی راہداری کے تمام منصوبوں سے پاکستان کے چاروں صوبوں کو یکساں فائدہ ہوگا۔ بیگم بیلم حسنین نے کہا کہ چین نے شہید بی بی بے نظیر کے دور میں بھی پاکستان کی بہت مدد کی مگر نواز شریف کے دور میں پاکستان کو چینی منصوبوں سے نقصان ہوا کیونکہ نواز حکومت پاکستان کے لئے نہیں بلکہ اپنی ذاتی کمپنیوں کیلئے کام کر رہی تھی۔ اور اس طرح دونوں ملکوں کے تعلقات متاثر ہوئے۔ انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی کے دور میں چین، ایران سے ہمیشہ تعلقات اچھے رہے۔ بیگم بیلم حسنین نے کہا کہ آج بھی جامع خارجہ پالیسی کی ضرورت ہے۔

بیلم حسنین

مزیدخبریں