ٹینس عالمی رینکنگ : رافیل نڈال پہلی ، راجر فیڈرر دوسری ، جوکوچ کی تیسری پوزیشن
پیرس (اے پی پی) انٹرنیشنل ٹینس فیڈریشن (آئی ٹی ایف) کی طرف سے جاری کردہ ٹینس کی تازہ ترین عالمی رینکنگ کے مطابق مردوں کے سنگلز مقابلوں میں سپین کے بین الاقوامی شہرت یافتہ ٹینس سٹار رافیل نڈال یو ایس اوپن نہ جیتنے کے باوجود پہلی پوزیشن پر بدستور براجمان ہیں، سوئٹزرلینڈ کے نامور ٹینس سٹار راجر فیڈرر دوسرے نمبر پر بدستور قائم ہیں، سربیا کے نامور کھلاڑی اور یو ایس اوپن چیمپئن نوویک جوکووچ تین درجے ترقی کے بعد چھٹے سے تیسرے نمبر پر پہنچ گئے ہیں۔ ویمنز سنگلز میں سیمونا ہالپ بدستور ٹاپ پوزیشن پر براجمان ہیں، ڈنمارک کی کیرولین وزنائیکی دوسرے نمبر پر قائم ہیں، جرمنی کی انجلیق کربر ایک درجہ ترقی کر کے چوتھے سے تیسرے نمبر پر پہنچ گئیں ہیں۔ آئی ٹی ایف نے تازہ ترین اے ٹی پی اور ڈبلیو ٹی اے رینکنگ جاری کر دی ہے جس کے تحت مینز سنگلز میں سپین کے رافیل نڈال اور سوئٹزرلینڈ کے راجر فیڈرر بدستور پہلے اور دوسرے نمبر پر قائم ہیں، سربیا کے نامور کھلاڑی اور یو ایس اوپن چیمپئن نوویک جوکووچ تین درجے ترقی کے بعد چھٹے سے تیسرے نمبر پر پہنچ گئے ہیں، ارجنٹائن کے جان مارٹن ڈیل پوٹرو ایک درجہ تنزلی کے بعد تیسرے سے چوتھے نمبر پر چلے گئے ہیں، جرمنی کے الیگزینڈر ایک درجہ تنزلی کے بعد چوتھے سے پانچویں نمبر پر چلے گئے ہیں، کروشیا کے مارین چلچ ایک درجہ ترقی کے بعد ساتویں سے چھٹے نمبر پر پہنچ گئے، بلغاریہ کے گریگور دمتروف ایک درجہ ترقی کے بعد آٹھویں سے ساتویں نمبر پر پہنچ گئے، آسٹریا کے ڈومینک تھیم ایک درجہ ترقی کے بعد نویں سے آٹھویں نمبر پر پہنچ گئے، جنوبی افریقہ کے کیون اینڈرسن چار درجے تنزلی کے بعد پانچویں سے نویں نمبر پر چلے گئے ہیں، امریکا کے جان اسنر ایک درجہ ترقی کے بعد گیارہویں سے دسویں نمبر پر پہنچ گئے ہیں۔ اسی طرح بیلجیئم کے ڈیوڈ گوفن 11ویں، جاپان کے کی نیشیکوری 12ویں، اٹلی کے فابیو فوگنینی 13ویں، ارجنٹائن کے ڈیگو 14ویں، گریس کے سٹیفانوس 15ویں، انگلینڈ کے کائل ایڈمونڈ 16ویں، امریکا کے جیک سوک 17ویں، کروشیا کے بورنا کوریک 18ویں، فرانس کے لیوکاس 19ویں اور کینیڈا کے میلوس راؤنک 20ویں نمبر پر ہیں۔ دوسری جانب ویمنز سنگلز میں رومانوی کھلاڑی سیمونا ہالپ بدستور سرفہرست ہیں، کیرولین وزنائیکی دوسرے، انجلیق کربر ایک سیڑھی چڑھ کے چوتھے سے تیسرے نمبر پہنچ گئیں، کارولین گارشیا دو درجے ترقی کے بعد چھٹے سے چوتھے نمبر پر پہنچ گئیں، پٹرا کویٹووا پانچویں نمبر پر برقرار ہیں، ایلینا سویٹولنیا ایک درجہ ترقی کے بعد ساتویں سے چھٹے نمبر پر پہنچ گئیں، جاپان کی نامور ٹینس سٹار اور یو ایس اوپن چیمپئن ناؤمی اوساکا 12سیڑھیاں چڑھ کر انیسویں سے ساتویں نمبر پر پہنچ گئیں، کیرولینا پالیسکووا آٹھویں نمبر پر ہیں، سلونی سٹیفنز چھ درجے تنزلی کے بعد تیسرے سے نویں نمبر پر چلی گئیں جبکہ لٹویا کی جیلینا اوسٹاپنکو دسویں نمبر پر بدستور قائم ہیں۔