نوازشریف ، مریم اور صفدر پیرول پر رہا ، خصوصی طیارے سے لاہور آمد

نوازشریف ، مریم اور صفدر پیرول پر رہا ، خصوصی طیارے سے لاہور آمد

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

لاہور، راولپنڈی (مانیٹرنگ ڈیسک ، نیوز ایجنسیاں)سابق وزیر اعظم نواز شریف ان کی صاحبزادی مریم نواز اور داماد کیپٹن (ر) صفدر ا ڈ یا لہ جیل سے پیرول پر رہائی ملنے کے بعد جاتی امراء پہنچ گئے ۔میڈیا رپورٹس کے مطابق گزشتہ روز سابق وزیر اعظم نواز شریف کی اہلیہ بیگم کلثوم نواز کا کینسر کے باعث لندن کے ہسپتال میں انتقال ہوگیاجس پر محکمہ داخلہ پنجاب نے اڈیالہ جیل میں قید نواز شریف، مریم نواز اور کیپٹن ( ر ) صفدر کو بیگم کلثوم نواز کے جنازے میں شرکت کرنے کی اجازت دیدی جس کیلئے انہیں 12 گھنٹے کیلئے پیرول پر رہا کردیا گیا جس کے بعد وہ خصوصی طیارے سے لاہور ائیر پورٹ پہنچے جہاں سے وہ جاتی امراء روانہ ہو گئے ۔ذرائع کے مطابق ابتدائی طور پر انہیں 12 گھنٹے کے لیے رہا کیا گیا ہے تاہم صوبائی کابینہ کی اجازت سے اس مدت میں توسیع کی جاسکتی ہے، سفر کا دورانیہ اس مدت میں شامل نہیں ہوگا۔جیل قو ا نین کے تحت کسی بھی قیدی کے قریبی رشتے دار کے انتقال پر نمازجنازہ میں شرکت کیلئے محدود وقت کیلئے پیرول پر ضمانت دی جاسکتی ہے ۔ تینوں شخصیات بیگم کلثوم نواز کی نمازہ جنازہ اور تدفین کے عمل میں شرکت کریں گی ۔دنیا نیوز کے مطابق مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف سات گھنٹے قبل اڈیالہ جیل پہنچے تھے جہاں انہوں نے نوازشریف اور مریم نواز سے ملاقات کی تھی۔ شہبازشریف نے ہوم سیکرٹری پنجاب کو 5روز کیلئے نوازشریف ، مریم نواز اور کیپٹن (ر) صفدر کی پیر ول پر رہائی کیلئے درخواست دی تھی جس پر حکومت نے ان کو ابتدائی طور پر 12 گھنٹے کیلئے رہا کردیاجس کے بعد پیر ول پر رہائی میں اضافہ کیا جائیگا۔شہبازشر یف پیرول پر رہائی کے بعد میاں نواز شریف ، مریم نواز اور کیپٹن (ر) صفدر کو لیکر لاہور کیلئے روانہ ہوئے تھے ۔قانونی ماہرین کے مطابق حکومت پیرول پر رہائی کے بعد پیرول کی مدت میں وقفے و قفے سے تین پر بار اضافہ کرسکتی ہے اوراگر اس کے بعد پیرول کی مدت میں مزید اضافہ مطلوب ہوتو ان کو پیرول پر مزید رہائی کی اجازت نہیں دی جاسکتی، البتہ مجبوری کی صورت میں جاتی امراء میں نوازشر یف کے گھر کوسب جیل قرار دیا جا سکتا ہے۔ مرحومہ کلثوم نواز کے دونوں بیٹے حسن اور حسین نواز بھی نیب ریفرنس میں مطلوب ہیں، اسلئے میت کے ہمراہ ان کی وطن واپسی کے مسئلے اور مختلف قانونی آپشنز پر بھی غور کیا جارہا ہے۔ نیب مقدمے میں اشتہاری ہونے کی وجہ سے نواز شریف کے دونوں صاحبزادوں کو پاکستان واپسی پر گرفتار کرلیا جائے گا۔قانونی ماہرین کا کہنا ہے پاکستان واپسی کیلئے حسن اور حسین نواز کو حفاظتی ضمانت لینا ہوگی، جس کیلئے اہل خانہ سے مشو ر ے کے بعد درخواست دائر کی جاسکتی ہے۔

مزید :

صفحہ اول -