اسٹریٹ کرائمز کا بڑھنا شہر کیلئے خطرناک ہے ،فردوس شمیم نقوی
کراچی(اسٹاف رپورٹر)پاکستان تحریک انصاف کراچی کے صدر و نامزد قائد حزب اختلاف سندھ فردوس شمیم نقوی نے کہا ہے کہ اسٹریٹ کرائمز کا بڑھنا کراچی جیسے شہر کے لیے شدید خطرے کی بات ہے۔ شہری دن دہاڑے لٹ جائیں تو سوال ضرور اٹھتا ہے کہ پولیس کیا کر رہی ہے۔ انہوں نے یہ باتیں پارٹی سیکرٹریٹ ’’انصاف ہاؤس‘‘ کراچی سے جاری کردہ اپنے خصوصی بیان میں کہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ لوگ اپنی حفاظت اور جان و مال کے تحفظ کے لیے پولیس پر بھروسہ کرتے ہیں۔ قانون نافذ کرنے والے اداروں کا فرض ہے کہ جرائم پر قابو پائیں۔ تحریک انصاف کراچی کے شہریوں کی جان و مال کی حفاظت کو اوّلین ترجیح دیتی ہے۔ ہم اپوزیشن کے طور پر عوام کے مفادات کے تحفظ کے لیے سندھ اسمبلی میں موجود ہیں۔ اسٹریٹ کرائمز کراچی کا بہت اہم مسئلہ ہے ۔ شہری سڑکوں پر، گلیوں میں اور شاپنگ سینٹرز کے اندر بھی لٹ جاتے ہیں۔ دکاندار اپنی دکانوں میں کاروبار کرتے ہوئے خوف و دہشت کا شکار رہتے ہیں۔ مجرم اندھیرے کا فائدہ اٹھا کر رات کے وقت واردات کرتے ہیں۔ دن دہاڑے بھی لوگوں کو گن پوائنٹ پر لوٹا جاتا ہے۔ لٹنے والے کبھی اپنا پیسہ لے کر جا رہے ہوتے ہیں تو کبھی رشتہ داروں کا یا کمپنی کا۔ بیٹی کے جہیز کے لیے رقم لے کر جانے والا باپ راستے میں لٹ جاتا ہے۔ یہ سب شدید نوعیت کے مسائل ہیں جن کا سدباب صرف پولیس اور قانون نافذ کرنے والے ادارے کرسکتے ہیں۔ تحریک انصاف قانون نافذ کرنے والے اداروں اور سندھ حکومت سے مطالبہ کرتی ہے کہ اسٹریٹ کرائمز پر قابو پایا جائے ۔ سندھ حکومت کو چاہئے کہ اسٹریٹ کرائمز کے انسداد کے لیے جامع حکمت عملی مرتب کرے اور لوگوں کے جان و مال کا تحفظ یقینی بنائے۔