مظفرآباد،جعفریہ سپریم کونسل آزادکشمیر کا محرم الحرام ضابطہ اخلاق جاری

مظفرآباد،جعفریہ سپریم کونسل آزادکشمیر کا محرم الحرام ضابطہ اخلاق جاری

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


مظفرآباد(بیورورپورٹ) جعفریہ سپریم کونسل آزاد جموں و کشمیر نے ماہ محرم الحرام اور صفرالمظفر 1440ھ بمطابق 2018ء کیلئے ضابطہ اخلا ق جاری کردیا ہے۔ سید الشہداء امام حسین علیہ السلام کی روز عاشورہ61ھ کو دین اسلام کے حقیقی اُصولوں کو بچانے کی خاطر دی گئی قربانی کو اس کی حقیقی روح اور مقاصدکے ساتھ عالم انسانیت کے سامنے انتہائی شائستہ اور حکیمانہ انداز میں اُجاگر کیا جائے۔ عزاداری سید الشہد ا ء امام حسین علیہ السلام کی محافل و مجالس میں علمائے کرام، ذاکرین اور اسکالرز تاریخی شواہد کی روشنی میں مقاصد قیام امام حسین علیہ السلام کو اُجاگر کریں۔ چیئرمین جعفریہ سپریم کونسل آزاد جموں و کشمیر سید شبیر حسین بخاری اورسینئر وائس چیئرمین جعفریہ سپریم کونسل آزاد جموں و کشمیرو چیف کوآرڈی نیٹر عزادار سیل علامہ سید فرید عباس نقوی نے ضابطہ اخلاق کے حوالہ سے بتایا ہے کہ علمائے کرام، ذاکرین اور سکالرز اپنے خطابات میں اُمت مسلمہ کے اتحاد پر زور دیں تا کہ اُمت میں اتفاق و وحدت کو تقویت اور فروغ حاصل ہو۔ آزادکشمیر سے مسنگ پرسنز جنھیں بلاوجہ زیر حراست رکھا گیا ہے کی رہائی کیلئے علماء وفاقی حکومت سے اپیل کریں ۔ دیگر اسلامی مسالک کے ایسے علماء کرام اور سکالرز کو مجالس عزاء میں خطاب کی دعوت دی جائے جو اُمت مسلمہ کے اتحاد و اتفاق، وحدت کے لیے کوشاں ہوں وطن عزیز پاکستان دہشت گردی، فرقہ واریت، لسانیت ، کرپشن، اقرباپروری سمیت طرح طرح کی برائیوں اور خطرات کی زد میں ہے۔لہذاخطیب حضرات ان برائیوں کی پر زور علمی انداز میں مذمت کریں اور وطن کی سلامتی اور استحکام سے متعلق اہل وطن کو ان کے شرعی فریضہ سے آگاہ کریں ۔افواج پاکستان کی جانب سے مضبوط و مستحکم اورخوشحال پاکستان بارے خدمات کو سراہتے ہوئے یکجہتی کا اظہار کیا جائے۔اُمت مسلمہ کے دیرینہ مسائل جن میں سرفہرست مسئلہ کشمیر اور فلسطین ہے، اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل کے سلسلہ میں گفتگو کی جائے ۔ہندوستان اور اسرائیل کی جانب سے کشمیر اور فلسطین کے مسلمانوں پر ڈھائے جانے والے مظالم کی پرزور مذمت کی جائے۔عالمی دہشت گرد تنظیموں داعش، القاعدہ ، طالبان اور اُن کی ذیلی تنظیموں کی یمن ، کشمیر، عراق، شام، پاکستان، افغانستان اور دُنیا کے دیگر ممالک میں دہشت گردانہ کاروائیوں کی بھی پر زور مذمت کی جائے ۔بالخصوص داعش کا وطن عزیز پاکستان کی سرحدوں کے قریب مجتمع ہونا اور ان کے مخصوص مقاصد بارے عوام کو آگاہ کیا جائے۔مستضعفین و مظلومین جہاں کی حمایت اور ظالموں کی پرزور مذمت کی جائے۔ حکومتی اداروں کی جانب سے ملت جعفریہ سے تعلق رکھنے والوں کی اندھا دھند گرفتاریوں کی بھی پر زور مذمت کے ساتھ ان افراد کی جلد رہائی بارے میں بھی اظہار خیال کیا جائے۔برما اور دیگر تمام ممالک جہاں جہاں مسلمانوں اور انسانیت پر ظلم ہو رہا ہے کی بھی مذمت کی جائے۔لاؤڈ سپیکر‘ساؤنڈ سسٹم کے استعمال کے بارہ میں قواعد و ضوابط کو ملحوظ خاطر رکھا جائے۔مجالس عزاء کے بروقت آغاز اور اختتام کو یقینی بنانے کی پوری پوری کوشش کی جائے۔ جلو س ہا عزا ء میں انتہائی نظم و ضبط کا مظاہرہ کیا جائے اورغیر ضروری تاخیر اور اندھیرے میں ٹھہراؤ سے اجتناب برتا جائے۔مجلس عزاء کے برپا کر نے یا جلوس عزاء کے نکالنے کے سلسلہ میں کسی بھی قسم کی دشواری کی صورت میں ضلعی و مرکزی عزاداری سیل ہا اور متعلقہ انجمن سے رجوع کریں۔ڈیوٹی پر موجود انتظامی آفیسران واہلکاران کے ساتھ ہر ممکن تعاون کیا جائے۔