سردار گورچرن سنگھ کا گورنمنٹ ایلیمنٹری گرلز سکول سرگوجرہ کادورہ

سردار گورچرن سنگھ کا گورنمنٹ ایلیمنٹری گرلز سکول سرگوجرہ کادورہ

چکوال(ڈسٹرکٹ رپورٹر)قدیم چکوال میں تعلیم کے بانی سردار صاحب سردار موتہ سنگھ کے صاحبزادے سردار گورچرن سنگھ اپنے دورہ چکوال کے اختتام پر منگل کے روز گورنمنٹ ایلیمنٹری گرلز سکول سرگوجرہ کا دورہ کیا ان کے ہمراہ رتن دیپ کوہلی اور چکوال چیمبر آف کامرس کے بانی قاضی محمد اکبر تھے۔ سکول کی ہیڈ مسٹریس نے بتایا کہ اس وقت سکول میں 800سے زائد بچیاں زیر تعلیم ہیں اور پنجاب حکومت تمام سرکاری سکولوں میں مفت تعلیم فراہم کر رہی ہے اور یہی وجہ ہے کہ اس وقت ضلع چکوال کا شرح خواندگی 90فیصد ہے اور یہ پاکستان کے 1136اضلاع میں سے پانچویں چھٹی پوزیشن پر ہے۔ سردار گورچرن سنگھ نے اس حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ تعلیم کے بغیر کوئی بھی معاشرہ مہذب اور خوشحال نہیں ہو سکتا۔ ہمارے والد نے فروغ تعلیم کا جو مشن آگے بڑھایا تھا ہمارا خاندان اب دہلی میں اس کو لیکر آگے بڑھ رہا اور ایس ایس موتہ سنگھ نیلہ چیرٹ ایبل ٹرسٹ کے زیر انتظام تین بڑے سکول کام کررہے ہیں جہاں13ہزار بچے علم کی روشنی سے فیضیاب ہو رہے ہیں۔ سردار گورچرن سنگھ نے بتایا کہ انہیں بڑا اطمینان اور خوشی ہوئی ہے کہ انکے والد کی جنم بھومی نیلہ اور ضلع چکوال میں فروغ تعلیم میں نجی اور سرکاری سطح پر شاندار انتظامات کیے گئے ہیں جس سے اس علاقے میں ترقی اور خوشحالی کے واضح اثرات سامنے آرہے ہیں۔ اس موقع پر سکول کی ہیڈ مسٹریس نے سردار گورچرن سنگھ اور رتن دیپ کوہلی کو تحائف پیش کیے۔

مزید : راولپنڈی صفحہ آخر