انتخابات میں یکساں مواقع کی فراہمی کے معاملہ پر الیکشن کمیشن نے فاروق ستار کو نئی درخواست دائرکرنے کی ہدایت کر دی
اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن)الیکشن کمیشن آف پاکستان نے انتخابات میں یکساں مواقع کی فراہمی کیلئے فاروق ستارکی درخواست پراعتراض لگاتے ہوئے انہیں نئی درخواست دائرکرنے کی ہدایت کر دی۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق ایم کیو ایم پاکستان کے رہنما فاروق ستار نے انتخابات میں یکساں مواقع کی فراہمی کیلئے الیکشن کمیشن میں درخواست دائر کر دی۔الیکشن کمیشن نے فاروق ستار کی درخواست پر اعتراض لگا کر انہیں نئی درخواست دائرکرنے کی ہدایت کرتے ہوئے ریمارکس دیئے کہ فاروق ستارکی درخواست درست طریقے سے ڈرافٹ نہیں کی گئی۔فاروق ستارنے 2 رکنی الیکشن کمیشن کے سامنے پیش ہو کر موقف اپنایا کہ اس درخواست کی بڑی اہمیت ہے، آئین کا آرٹیکل 218 الیکشن کمیشن کوشفاف الیکشن کااختیاردیتاہے،پیسے کی طاقت سے ووٹ خریدے جاتے ہیں، 2018 کے انتخابات میں پیسے سے ووٹ خریدے گئے ، ایسے انتخابات سے کیسی جمہوریت قائم ہو گی؟۔الیکشن کمیشن حکام کا کہنا تھا کہ پیسے کے استعمال سے الیکشن جیتنے کے ثبوت دیں، آپ کی جماعت اب حکومت میں ہے،قانون سازی کریں۔