محترم کلثوم نواز کی رحلت پر شارجہ تعزیتی ریفرنس ، پی ایم ایل این امارات کے لیڈران اور کارکنوں کی شرکت

محترم کلثوم نواز کی رحلت پر شارجہ تعزیتی ریفرنس ، پی ایم ایل این امارات کے ...
محترم کلثوم نواز کی رحلت پر شارجہ تعزیتی ریفرنس ، پی ایم ایل این امارات کے لیڈران اور کارکنوں کی شرکت

  

دبئی (طاہر منیر طاہر) پاکستان کے سابق وزیراعظم اور پی ایم ایل این کے تاحیات قائد محمد نوا زشریف کی اہلیہ محترمہ کلثوم نواز کے انتقال کی خبر پورے امارات میں جنگل کی آگ کی طرح پھیل گئی۔ یہ خبر ہر پاکستانی نے دکھ اور افسوس کے ساتھ سنی اور اپنے اپنے خیالات کا اظہار کیا۔ محترمہ کلثوم نواز کی رحلت کے موقع پر دکھ کا اظہار نہ صرف پی ایم ایل این کے لوگوں نے کیا بلکہ دیگر سیاسی جماعتوں کے لوگوں نے بھی اظہار رنج و غم کیا۔

اس موقع پر پی ایم ایل این متحدہ عرب امارات کے جنرل سیکرٹری غلام مصطفی نے شارجہ میں اپنی رہائش گاہ پر ایک تعزیتی ریفرنس کا انعقاد کیا جس میں پی ایم ایل این ، یو ۔ اے ای کے صدر چودھری محمد الطاف و دیگر عہدیداران و اراکین چودھری ظفر ابال ، خواجہ عبدالوحید ، غلام محی الدین ، محمد غوت قادری ، عبدالمجید مغل، انجینئر احسان اللہ خاں، چودھری راشد فاروق ، حاجی محمد نواز ، چودھری صغیر احمد اور ملک شہزاد یونس نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ محترم کلثوم نواز کی رحلت ایک بڑا صدمہ ہے جس کی تلافی ممکن نہیں ہے۔ مرحومہ نے تین بار پاکستان خاتون اول ہونے کا اعزاز پایا۔ انہوں نے استحکام جمہوریت کے لئے جدوجہد کی اور آمریت کے خلاف کام کیا۔ مرحومہ ایک نیک دل اور بہادر خاتون تھیں جن کی شراف اور نیکنامی کے سب معترف ہیں۔

تعزیتی ریفرنس میں پی ایم ایل این کے سرفراز حسین مغل ، محمد وقاص مغل ، احتشام الحق مغل ، محمد دانس مغل ، چودھری شہباز غفار ، عارف عامر منہاس ، سہیل عامر گھمن ، راجہ ابو بکر اور دیگر متعدد لوگوں نے بھی شرکت کی۔ تعزیتی اجلاس میں شریف خاندان سے اظہار ہمدردی کیا گیا جبکہ مرحومہ کے ایصالِ ثواب کے لئے قرآن خوانی کی گئی اور دعائے مغفرت کی گئی۔

مزید : عرب دنیا