آصف زرداری کے حلف نامے پر پروگرام کا معاملہ، ارشد شریف نے عدالت سے معافی مانگ لی

آصف زرداری کے حلف نامے پر پروگرام کا معاملہ، ارشد شریف نے عدالت سے معافی مانگ ...
آصف زرداری کے حلف نامے پر پروگرام کا معاملہ، ارشد شریف نے عدالت سے معافی مانگ لی

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

اسلام آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن) سینئر اینکر پرسن ارشد شریف نے سابق صدر آصف زرداری کے حلف نامے کے حوالے سے پروگرام کرنے پر سپریم کورٹ سے معافی مانگ لی، کیس کی سماعت کے دوران سینئر صحافی عارف حمید بھٹی نے عدالت سے استدعا کی کہ عدالت انہیں سزائے موت دے دے مگر پیمرا کے پاس نہ بھیجے کیونکہ پیمرا کوسچ سے چڑ ہے۔
سپریم کورٹ میں چیف جسٹس کی سربراہی میں بینچ نے سابق صدر آصف زرداری کے جعلی حلف نامے کے حوالے سے کیے جانے والے پروگرام کے کیس کی سماعت کی۔ دوران سماعت اے آر وائے نیوز کے اینکر ارشد شریف نے سپریم کورٹ میں معافی مانگ لی ، چیف جسٹس نے کہا کہ چپیڑ مار کر سوری کہہ دیتے ہیں یہ تلقین شاہ ڈرامے میں دیکھا تھا، جو فیصلہ کرنا ہے عدالت نے کرنا ہے، کیا ارشد شریف نے کرنا ہے یا کسی اینکر نے کرنا ہے۔
دوران سماعت عارف حمید بھٹی نے کہا کہ عدالت ہمیں سزائے موت دے دے مگر پیمرا کے پاس نہ بھیجے، انہیں سچ سے چڑ ہے۔
عدالت کے روسٹرم پر ارشد شریف، عارف بھٹی، صابر شاکر، سمیع ابراہیم نے وکیل فیصل چودھری کے ہمراہ پیمرا کے چیئرمین اور پی بی اے کے وکیل کو گھیرا ہوا تھا۔ یہ صورتحال دیکھ کر چیف جسٹس نے کہا کہ جب ہم کالج میں الیکشن مہم چلاتے تو ایک کمیٹی ہوتی تھی آج وہ نظر آ رہی ہے۔
واضح رہے کہ اینکر پرسن ارشد شریف کے پروگرام میں آصف زرداری کے حلف نامے پر گزشتہ ماہ کے آخری ہفتے مباحثہ ہوا تھا۔ ارشد شریف کے پاس کوئی پرانا حلف نامہ تھا جسے دکھا کر وہ پروگرام میں شریک لوگوں سے پوچھنے لگے کہ ان میں سے اصلی کون سا ہے اور اگر زرداری اس میں جھوٹے ثابت ہوتے ہیں تو کیا سزا ہو گی ؟ اسی پروگرام میں ارشد شریف نے خود کہا کہ ’ چیف جسٹس اگر میرا شو دیکھ رہے ہیں تو مجھے بلائیں‘ جس پر چیف جسٹس نے اگلے ہی دن انہیں عدالت طلب کرلیا تھا۔