شہید کی وردی سے بنا تکیہ بچے ساتھ رکھ کر سوتے، تصویر وائرل

شہید کی وردی سے بنا تکیہ بچے ساتھ رکھ کر سوتے، تصویر وائرل
شہید کی وردی سے بنا تکیہ بچے ساتھ رکھ کر سوتے، تصویر وائرل

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

راولپنڈی (آن لائن)ایک فوجی جانباز اپنی جان قربان کر کے اپنے ملک و قوم کی حیات کا سامان تو کر جاتا ہے لیکن اس کے اہل خانہ جہاں اس پر فخر کرتے ہیں وہیں اس کے نہ ہونے کا دکھ ہر روز مناتے ہیں، روزمرہ کی زندگی میں شہید کے لواحقین اسے بے حد یاد کرتے ہیں اور پر نم ہوتے ہیں۔حال ہی میں سوشل میڈیا پر لیفٹیننٹ کرنل راشد شہید کے بچوں کی ایک تصویر وائرل ہوئی جس نے سب کو اشکبار کر دیا۔

سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی لیفٹننٹ کرنل راشد شہید کے بچوں کی تصویر میں دیکھا گیا کہ بچے ایک تکیے کو پکڑ کر سو رہے ہیں جس پر لیفٹننٹ کرنل راشد کا بیج لگا ہوا ہے۔یہ کوئی عام تکیہ نہیں ہے بلکہ ان بچوں کی والدہ نے اپنے شہید شوہر کی وردی سے یہ تکیہ خصوصی طور پر اپنے بچوں کے لیے بنایا ہے تاکہ وہ اسے اپنے ساتھ رکھ کر اپنے والد کی موجودگی کا احساس کر سکیں۔اس تصویر میں بچے پرسکون انداز میں اپنے والد کی وردی سے بنا ہوا یہ تکیہ اپنے ساتھ رکھ کر سو رہے ہیں جبکہ دونوں بچوں نے اس تکیے کے اوپر اس طرح ہاتھ رکھا ہوا ہے جیسے اپنے والد سے لپٹے ہوں۔

لیفٹننٹ کرنل راشد شہید کے بچوں کی یہ تصویر سوشل میڈیا پر ان کی بیوہ نے شئیر کی جس نے سوشل میڈیا صارفین کو اشکبار کر دیا۔سوشل میڈیا صارفین نے یہ تصویر دیکھ کر نہ صرف قوم کے شہدا کو خراج تحسین پیش کیا بلکہ ان کے لواحقین سے اظہار یکجہتی بھی کیا۔ ان معصوم بچوں کی تصاویر سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد ٹویٹر صارفین نے شہدا اور ان کے اہلخانہ کو سلیوٹ بھی پیش کیا۔

واضح رہے کہ دہشتگردوں سے مقابلہ کرتے ہوئے شہید ہونے والے میجر اسحاق کی بیٹی کی تصویر یوم دفاع و شہداءپاکستان پر سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تھی۔ سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی اس تصویر نے ہر سوشل میڈیا صارف کی آنکھ کو اشکبار کردیا۔ تصویر میں ننھی کلی کو اپنے والد کی قبر پر معصوم ہاتھوں سے پھول ڈالتے ہوئے دیکھا گیا۔

یوم دفاع و شہدا پاکستان کے موقع پر اس تصویر کو کئی ہزار مرتبہ شیئر کیا گیا اور دہشتگردوں سے مقابلے اور ملک و قوم کی حفاظت کرتے ہوئے جان کے نذرانے پیش کرنے والے پاک فوج کے جوانوں کو خراج تحسین پیش کیا گیا جنہوں نے اپنی جان و مالک اور اہلخانہ کی پرواہ کیے بغیر اپنی جان دھرتی ماں کے لئے قربان کردی۔