پاکستان کے لئے بڑی خوشخبری آ گئی ، رواں مالی سال کے پہلے دو ماہ میں تجارتی خسارے میں نمایاں کمی

پاکستان کے لئے بڑی خوشخبری آ گئی ، رواں مالی سال کے پہلے دو ماہ میں تجارتی ...
پاکستان کے لئے بڑی خوشخبری آ گئی ، رواں مالی سال کے پہلے دو ماہ میں تجارتی خسارے میں نمایاں کمی

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن) ادارہ شماریات نے اپنی تازہ رپورٹ میں بتایا ہے کہ رواں مالی سال کے پہلے دو ماہ میں تجارتی خسارے میں نمایاں کمی آئی ہے،جولائی اگست کے دوران تجارتی خسارہ گذشتہ برس کے اسی عرصہ کے مقابلے میں 1.3 فیصد کم ہوا ہے۔


نجی ٹی وی کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ رواں مالی سال جولائی اور اگست میں برآمدات کا حجم 3 ارب 66 کروڑ30 لاکھ ڈالر رہا جبکہ درآمدات 9 ارب 83 کروڑ ڈالر رہیں، اس طرح سال 2018۔19 کے پہلے 2 ماہ میں تجارتی خسارہ 6 ارب 16 کروڑ70 لاکھ ڈالر رہا۔نئی حکومت آنے کے بعد برآمدات میں 22.54 فیصد اضافہ دیکھنے میں آیا جسے ایک اچھی خبر قرار دیا جا رہا ہے۔ گذشتہ ماہ اگست میں برآمدات 2 ارب ایک کروڑ 70 لاکھ ڈالر رہیں۔اگست 2018 میں برآمدات کے ساتھ ساتھ درآمدات میں بھی 3.18 فیصد اضافہ ہوا۔ پچھلے ماہ درآمدات کا حجم 4 ارب 99 کروڑ 20 لاکھ ڈالر رہا اور اس طرح اگست 2018 میں تجارتی خسارہ2 ارب 97 کروڑ 50 لاکھ ڈالر رہا۔ شماریات ڈویژن کے مطابق مجموعی طور گزشتہ سال جولائی، اگست کے مقابلے میں اس سال برآمدات میں 5.5 فیصد اضافہ ہوا۔واضح رہے کہ تجارتی خسارہ پاکستانی معیشت کے لیے سب سے بڑا چیلنج بن چکا ہے، درآمدات میں غیرمعمولی اضافے اور برآمدات میں کمی کی وجہ سے پاکستان کے زرمبادلہ کے ذخائر پر بوجھ پڑا ہے۔ پچھلے دو ماہ کے دوران برآمدات میں ہونے والے اضافے کو پاکستانی معیشت کے لیے ایک مثبت خبر قرار دیا جا رہا ہے۔

مزید :

قومی -بزنس -