پنجاب میں پیپلز پارٹی کا ووٹر خاموش ہے لیکن وقت ایک سا نہیں رہتا :ناز بلوچ
لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن) پیپلز پارٹی کی رہنما ناز بلوچ نے کہا ہے کہ پیپلزپارٹی میں آنے کا فیصلہ سوچ سمجھ کر کیا ، پیپلز پارٹی نے بہت سے لیڈر پیدا کئے جو تحریک انصاف کا حصہ بن چکے ہیں، پنجاب میں پیپلز پارٹی کا ووٹر خاموش ہے لیکن وقت ایک سا نہیں رہتا ۔
سماءنیوز کے پروگرام ”کھرا سچ “ میں گفتگو کرتے ہوئے ناز بلوچ نے کہا کہ میں نے پیپلز پارٹی میں آنے کا فیصلہ سوچ سمجھ کرکیا تھا،پیپلز پارٹی نے بہت سے لیڈر پیدا کئے ہیں ہیں جن میں بے شمار تحریک انصاف کاحصہ بن چکے ہیں ۔ یہ سیاست میں ہوتا ہے جو جہاں دیکھتا ہے کہ میں یہاں بہترکام کرسکتاہوں وہاں کام کرتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف نے عوام سے بہت وعدے کئے ہیں اور اس پر قومی اسمبلی کے پہلے اجلاس میں خورشید شاہ نے کہا تھا کہ ہم تحریک انصاف کو کارکردگی دکھانے کا پورا موقع دیں گے اور یہ بہت اچھی بات ہے ۔ انہوں نے کہا کہ بے نظیر بھٹو کی بہت بڑی شخصیت تھی اور جس طرح انہوں نے جمہوریت کیلئے قربانیاں دی ہیں ان کو کوئی فراموش نہیں کر سکتا ۔ آج بلاول بھٹوکی شکل میں ایک جوان قیادت نظر آئی ہے ، یہ ایک مثبت اشارہ ہے ۔انہوں نے کہاکہ پیپلز پارٹی کا پنجاب میں ووٹرز موجود ہے ، ہو سکتاہے کہ وہ ابھی خاموش ہو ، وقت ایک سا نہیں ر ہتا ، یہ بدلتا رہتاہے ۔انہوں نے کہا کہ اگر شاہ محمود قرشی اور جہانگیر ترین کے بیٹے سیاست میں آسکتے ہیں تو پھر بے نظیر بھٹو کا بیٹا جنہوں نے جمہوریت کے لئے قربانی دی ہے ، اس کو سیاست میں آنے کوئی نہیں روک سکتا۔