پولیس اہلکاروں کی جدیدخطوط پر پیشہ ورانہ تربیت اولین ترجیح، آئی جی پنجاب

  پولیس اہلکاروں کی جدیدخطوط پر پیشہ ورانہ تربیت اولین ترجیح، آئی جی پنجاب

  

لاہور(کرائم رپورٹر)آ ئی جی پنجاب کیپٹن (ر) عارف نواز خان نے کہا ہے کہ پنجاب پولیس کی کاؤنٹر ٹیررزم فورس (سی ٹی ڈی) دہشت گردوں کے قلع قمع کیلئے انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز میں مصروف ہے جن کی بدولت صوبے میں دہشت گردی کے گراف میں ہر برس نہ صرف نمایاں کمی ریکارڈ کی جارہی ہے بلکہ گذشتہ کئی برسوں کی طرح رواں برس بھی عشرہ محرم الحرام بالکل پر امن گذرا ہے۔ انہوں نے مزید کہاکہ دہشت گردوں کے ساتھ ساتھ انکے سہولت کاروں اور، فنانشل نیٹ ورک کے خاتمے کو یقینی بنایا جارہا ہے تاکہ شرپسندی کے عناصرکا جڑ سے خاتمہ ممکن ہوسکے۔ انہوں نے مزید کہاکہ پولیس اہلکاروں کی جدید خطوط پر پیشہ ورانہ تربیت اور استعداد کار میں اضافہ محکمے کی اولین ترجیحات میں شامل ہے اور اس سلسلے میں دیگر ممالک کی پولیس فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ دو طرفہ تعاون کو مزید بڑھایا جائے گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے سنٹرل پولیس آفس میں بر ٹش ہائی کمیشن کے دو رکنی وفد سے ملاقات کے دوران کیا۔برٹش وفد نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پنجاب پولیس کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہاکہ دہشت گرد اور سماج دشمن عناصر کے خلاف پنجاب پولیس کی بروقت کارروائیاں قابل ستائش ہیں جبکہ ساتھ ہی عوام کو سروس ڈلیوری کی فراہمی کیلئے ہونے والے اقدامات بالخصوص پولیس خدمت مراکز کا قیام بین الاقوامی سٹینڈرڈ کے عین مطابق ہے۔ مزیدبراں کیپٹن (ر) عارف نواز خان نے عشرہ محرم الحرام کے دوران صوبے کے تمام اضلاع میں سیکیورٹی کے بہترین انتظامات یقینی بنانے پر سی سی پی او لاہور سمیت تمام آر پی اوز، سی پی اوز اور ڈی پی اوز کو شاباش دیتے ہوئے کہا ہے کہ عشرہ محرم میں بالعموم اور یوم عاشور پر بالخصوص پولیس فورس نے سخت موسم،طویل اوقات کاراور دہشت گردی کے خطرات کے باوجود جس جانفشانی سے اپنے فرائض سر انجام دئیے اس پر محکمہ کو ہی نہیں بلکہ پوری قوم کو آپ پر فخر ہے۔

مزید :

علاقائی -