پھلوں اور سبزیوں کی بر آمدات میں 125ملین ڈالر کا اضافہ

  پھلوں اور سبزیوں کی بر آمدات میں 125ملین ڈالر کا اضافہ

  

فیصل آباد (بیورورپورٹ) حالیہ سال کے دوران پاکستان سے پھلوں اور سبزیو ں کی برآمدات میں 125ملین ڈالر کا اضافہ ہو گیاہے اور پھلوں و سبزیوں کی مجموعی برآمدات 538 ملین ڈالر سے بڑھ کر 653 ملین ڈالر تک پہنچ گئی ہیں لہٰذا اگر حکومت فروٹ اینڈ ویجیٹیبل ایکسپورٹرز کو مزید سہولیات و مراعات فراہم کرے تو ان برآمدات میں کئی سو ملین ڈالر کا اضافہ بھی کیاجاسکتاہے۔ پاکستان فرویٹ اینڈ ویجیٹیبل ایکسپورٹرزایسوسی ایشن کے ترجمان نے  بتایاکہ جنوبی کوریا، جاپان اور ماریشس نے پاکستانی پھلوں کی درآمد کی اجازت دے دی ہے اس طرح اب پاکستانی فروٹ ایکسپورٹرز اعلیٰ معیار کے پھل جنوبی کوریا، جاپان اور ماریشس کو بھی برآمد کرسکیں گے۔ انہوں نے بتایاکہ حکومتی کوششوں کے باعث مشرق وسطیٰ کے ممالک کو آلو کی برآمد کی اجازت بھی  دے دی گئی ہے اس طرح آلو کی زیادہ سے زیادہ برآمد سے بھی قیمتی زرمبادلہ حاصل ہوسکے گا۔ انہوں نے بتایاکہ گزشتہ سال کے دوران پاکستان نے آلو، پیاز، کنوکی برآمد کے نئے ریکارڈ قائم کئے ہیں تاہم بعض وجوہات کی بناء پر امریکہ سمیت کچھ دیگر ممالک کو آم کی برآمد نہ کی جاسکی ہے۔ انہوں نے کہاکہ رواں سال بھی پاکستان کے موسمی حالات اور آب و ہوا کے باعث پھلوں اور سبزیوں کی شاندار فصل حاصل ہونے کا امکان ہے۔

مزید :

کامرس -