شہر کی ترقی کیلئے بھرپور کردار ادا کرینگے، صدر راولپنڈی چیمبر 

 شہر کی ترقی کیلئے بھرپور کردار ادا کرینگے، صدر راولپنڈی چیمبر 

  

راولپنڈی (کامرس ڈیسک)چیمبر آف کامرس کے صدر ملک شاہد سلیم نے کہا ہے کہ شہر کی خوبصورتی اور تاریخی حیثیت کی بحالی کے لیے سب کو مل کر کام کرنا ہو گا۔ چیمبر کے گلورئیس راولپنڈی منصوبے کا مقصد راولپنڈی شہر کو ماڈل شہر بنانا ہے۔ سول سو سائٹی خاص طور پر اکیڈیمیہ کو فعال کردار ادا کرنا ہو گا۔ راولپنڈی کی تاریخی حیثیت اور اس کی شناخت کی بحالی کے لیے ضروری ہے کہ پرانی اور تاریخی عمارتوں کو قومی ورثہ قرار دیا جائے۔ راولپنڈی چیمبر میں ٹاسک فورس کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے صدر چیمبر ملک شاہد سلیم نے کہا کہ راشد منہاس روڈ کی خوبصورتی کے لیے پی ایچ اے کے ساتھ مل کر کام جاری ہے، راشد منہاس روڈ پر فٹ پاتھ کے کناروں پر رنگ و روغن کیا جا چکا ہے انہوں نے کہا کہ چیمبر راولپنڈی شہر کی ترقی، خوبصورتی اور اسے سیاحت کا مرکز بنانے کے لیے اولین دستے کا کردار ادا کرے گا۔ ضلعی انتظامیہ، کنٹونمنٹ اور آر ڈی اے، پی ایچ اے سمیت تمام اداروں کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ راولپنڈی چیمبر کے لیے اعزاز کی بات ہے کہ پنجاب حکومت نے اسے گلورئیس راولپنڈی منصوبے کی ٹاسک فورس کا حصہ بنایا ہے۔ 

انہوں نے کہا کہ راولپنڈی چیمبر پہلے ہی " گلورئیس راولپنڈی" منصوبے پر کام کر رہا ہے۔ جس کے تحت شہر کی خوبصورتی، تزئیں، تاریخی عمارت کی بحالی، صحتمند انہ سرگرمیوں کا فروغ اور سیاحت کے لیے شہر کو سرگرمیوں کا مرکز بنانا ہے، چیئرمین گلورئیس راولپنڈی و سابق صدر اسد مشہدی نے اجلاس کے شرکاء کو بتایا کہ مری روڈ سے ملحقہ عمارتوں کی تزئیں و آرائش بھی منصوبے کا حصہ ہیں۔ عمارتوں اور پلازوں پر بے ہنگم بل بورڈز کی درستگی، تجاوزات کے خاتمے اور بجلی اور ٹیلی فون کی تاروں کی ترتیب بھی منصوبے کا حصہ ہیں انہوں نے کہا کہ داخلی اور خار جی راستوں کو پرکشش بنانا ہے تاکہ سیاحت کو فروغ مل سکے۔ اس کے ساتھ شہر میں رہائشی اور کمرشل سرگرمیوں کے لیے محفوظ اور بلند و بالا عمارات کی تعمیر، رنگ روڈ، لئی ایکسپریس وے جیسے ترقیاتی منصوبوں کو بھی فروغ دینا ہے۔ انہوں نے کہا شہر میں صحت عامہ اور بہتر تعلیمی سہولیات کی فراہمی کے لیے متعلقہ سٹیک ہولڈرز کے ساتھ مل کر کام کرنا ہو گا۔ اس موقع پر سینئر نائب صدر محمد بدر ہارون،نائب صدر فیاض قریشی اور کمیٹی کے ارکین بھی موجود تھے

مزید :

کامرس -