گورنر سندھ عمران اسماعیل کی یوم عاشور کے مرکزی جلوس میں شرکت

گورنر سندھ عمران اسماعیل کی یوم عاشور کے مرکزی جلوس میں شرکت

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


کراچی (اسٹاف رپورٹر)گورنر سندھ عمران اسماعیل نے یوم عاشور کے موقع پر نکالے گئے مرکزی جلوس میں شرکت کی۔ اس موقع پر گور نر سندھ کے ہمراہ وفاقی وزیر علی زیدی، ممبر قومی اسمبلی آفتاب صدیقی، ممبران صوبائی اسمبلی جمال صدیقی، خرم شیر زمان، علی عزیز جی جی سمیت دیگر اراکین کے علاوہ کمشنر کراچی، ایڈیشنل آئی جی کراچی سمیت دیگر متعلقہ محکموں کے افسران بھی موجود تھے۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے گورنر سندھ نے کہا کہ یہاں آنے کا مقصد سیکورٹی صورتحال کا جائزہ لینا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج کا دن امام عالی مقام حضرت امام حسینؓ کی قربانی ہمیں ان کے متعین کردہ رہنما اصولوں پر عمل پیرا ہونے کا درس دیتی ہے، یوم عاشور ہمیں باطل کے سامنے سر نہ جھکانے، ظلم کے خلاف ڈٹ جانے اور اس کے لئے قربانی کا سبق دیتا ہے۔ گورنر سندھ نے مزید کہا کہ امام عالی مقام حضرت امام حسینؓ نے آج کے روز اسلام کی راہ میں اپنی جان نثار کرکے قربانی، شجاعت و شہادت کی ایک نئی داستان رقم کی، حضرت امام حسین ؓ کی قربانی نے اسلامی تاریخ میں اسلام کی سربلندی کے لئے جان کی بازی لگادینے کی وہ سنت قائم کی جو رہتی دنیا تک مسلمانوں کے لئے مشعل راہ ہے۔ گورنر سندھ نے عزم ظاہر کیا کہ پاکستانی قوم کشمیریوں کی حق خودارادیت کی تحریک کی حمایت اپنے خون کے آخری قطرے تک جاری رکھے گا اور دنیا میں جہاں کہیں بھی مسلمانوں پر ظلم ہوگا، پاکستانی قوم اپنے مسلمان بھائیوں کے شانہ بشانہ کھڑی ہوگی۔ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پولیس اور دیگر سیکیورٹی اداروں کی شب و روز کی محنت کا نتیجہ ہے کہ آج پاکستان با لخصوص کراچی میں امن و امان کی بہتر صورتحال ہے۔