بھتہ خوروں،نام نہاد لیڈروں نے ملک کو دل کھول کر لوٹا،قاری زوار بہادر
لاہور(نمائندہ خصوصی) جمعیت علماء پاکستان کے سیکرٹری جنرل علامہ قاری محمد زوار بہادر نے کہا ہے کہ قائد اعظم کے پاکستان کو لٹیروں،بھتہ خوروں اور نام نہاد لیڈروں نے اپنے باپ کی جاگیرسمجھ کر لوٹا ہے انہوں نے کہا کہ 11 ستمبر قائد اعظم محمد علی جناح ؒ کا یوم وفات قوم آج ایسے وقت میں منا رہی ہے جب مقبوضہ کشمیر لہو لہو ہے قائد اعظم نے اسی خطہ کشمیر کو پاکستان کی شہ رگ کہا تھا آج وہ ہی کشمیر بھارتی ہندو افواج کے ہاتھوں ظلم و بربریت کا شکار ہے وہاں 40 دن سے کرفیو کی پابندیوں میں بچے،بوڑھے اورخواتین بھوک اور ادویات کی پابندی کا شکار ہیں جبکہ مسلم دنیا سمیت اقوام عالم اب تک ان کو بھارتی ظلم سے نجات دلانے میں ناکام ہیں انہوں نے کہا کہ آج پاکستان کو ایک بار پھر قائد اعظم جیسے عظیم رہنما کی ضرورت ہے ان خیالات کا اظہار انہوں نے ماڈل ٹاؤن میں یوم قائد اعظم کے سلسلہ میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا تقریب سے پروفیسر جاوید اعوان،مفتی تصدق حسین،رشید احمد رضوی،حافظ نصیر احمد نورانی،محمد ارشد مہر اور دیگر مقررین نے بھی خطاب کیا۔
مقررین نے کہا کہ بے اصول اور غیروں کے اشاروں پر چلنے والے سیاستدانوں نے ملک کواپنی ذاتی جاگیر سمجھ کرلوٹ کھسوٹ کی اور معیشت کو تباہی کے دہانے پر پہنچا دیا ہے ایسے سیاستدانوں،مفاد پرستوں اور ابن الوقتوں سے نجات کے لئے قوم کو نظام مصطفےٰﷺ کی راہ اپنانا ہو گی۔