فلم ”زندگی تماشا“ بوسان انٹرنیشنل فلم فیسٹیول میں سکریننگ کیلئے منتخب

فلم ”زندگی تماشا“ بوسان انٹرنیشنل فلم فیسٹیول میں سکریننگ کیلئے منتخب
 فلم ”زندگی تماشا“ بوسان انٹرنیشنل فلم فیسٹیول میں سکریننگ کیلئے منتخب

  

لاہور(فلم رپورٹر)اداکارہ صبا قمر نے سرمد سلطان کھوسٹ کو ان کی نئی فلم ”زندگی تماشا“ کے بوسان انٹرنیشنل فلم فیسٹیول میں سکریننگ کے لئے منتخب ہوجانے پر مبارکباد دی ہے۔سوشل میڈیا پر سرمد سلطان کھوسٹ کے نام اپنے پیغام میں صبا قمر نے کہا کہ وہ انہیں دوست سے زیادہ فیملی کی طرح سمجھتی ہیں۔ انہوں نے سرمد کو مخاطب کرتے ہوئے لکھا ”مجھے فخر ہے کہ تم پیسہ کمانے کے لئے فلم نہیں بناتے بلکہ شوبز انڈسٹری میں کچھ کر دکھانے کے لئے فلم بناتے ہواور تم اپنی فلمیں دل و جان سے بناتے ہو۔ اللہ تمہیں وہ ساری کامیابی دے جس کے تم حقدار ہو۔“بوسان انٹرنیشنل فلم فیسٹیول ہر سال جنوبی کوریا کے شہر Busan میں منعقد ہوتا ہے جہاں سکریننگ کے لئے دنیا بھر کے ڈائریکٹرز اور پروڈیوسرز اپنی فلمیں جمع کرواتے ہیں جن کی تعداد عموماً سینکڑوں میں ہوتی ہے۔

ان میں سے صرف چند فلمیں ہی سکریننگ کے لئے منتخب ہو پاتی ہے۔ اس لحاظ سے یہ عالمی سطح پر پاکستانی فلم انڈسٹری کی بہت اہم کامیابی ہے۔واضح رہے کہ یہ 2015 میں شہرت پانے والی ”منٹو“ کے بعد، بطور ڈائریکٹر، سرمد سلطان کھوسٹ کی ایک اور فلم ہے۔

مزید :

کلچر -